شوپیاں کے بلاک کپرن کے وانگم میں بلاک دیوس کا اِنعقاد

شوپیان//ہفتہ وار بلاک دیوس کے ایک حصے کے طور پر آج ضلع شوپیان بلاک کے کپرن بلاک کے گائوں وانگم میں عوامی رَسائی پروگرام کا اِنعقاد کیا گیا۔عوامی رَسائی پروگرام کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان فضل الحسیب نے کی۔مختلف علاقوں کے لوگوں نے متعدد عوامی مسائل ضلع ترقیاتی کمشنر کے گوش گزار کئے جن میں سڑکوں سے نکاسی آب نظام کی تعمیر ، سڑکوں کے اَطراف سے تجاوزارت کا خاتمہ ، بہتر طبی سہولیتیں ، لنک روڈوں کی میکڈیمائزیشن ، پینے کے صاف پانی کی سہولیت کی فراہمی ، باغات کی سڑکوں کی تعمیر نو، مڈل سکول کی اَپ گریڈیشن ، باڑ لگانے اور کھیل میدان کی اَپ گریڈیشن ، سکو ل کی تباہ شدہ عمارتوں کی تعمیر ، سیلاب سے بچائو کے پُل کی تعمیر ، حفاظتی عمارتوں کی تعمیر وغیرہ شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے شکایات اور مسائل کو بغور سنا اور مسائل کو مقررہ وقت میں نمٹانے کی یقین دہانی کی جبکہ متعلقہ اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے اسے تیزی سے حل کریں۔ علاقے کے نوجوانوں نے مقامی پلے فیلڈ کی اَپ گریڈیشن کے مطالبات ضلع ترقیاتی کمشنر کے سامنے پیش کئے ۔ متعلقہ آر ڈی ڈی حکام نے ضلع ترقیاتی کمشنر کوجانکاری دی کہ پلے فیلڈ کی اَپ گریڈیشن کا کام اِس برس مکمل ہونے والا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مزید آر اینڈ بی ، آر ڈی ڈی ، پی ایم جی ایس وائی اور دیگر اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی طرف سے مطالبات کو پورا اور مسائل کو حل کرنے کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے آر ڈی ڈی پر زور دیا کہ کوڑا کرکٹ کی مناسب علاحدگی اور ٹھکانے لگانے کے لئے ضروری اَقدامات کر کے بلاک بھر کی پنچایتوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔اِس موقعہ پر لائن ڈیپارٹمنٹ کے اَفسروں نے عوام کے سوالات او رشکایات کے جوابات دئیے۔ اِس موقعہ پر سی اِی او مشتاق احمد ، ڈی آئی او شوکت حسین گنائی ، ریونیو ، دیگر محکموں ، پی آر آئیز کے اَفسران و ملازمین موجودد تھے۔