سری نگر//جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے کانجویلار ارسا میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات ہوئے مسلح تصادم میں لشکر طیبہ کے 2مقامی ملی ٹنٹ مارے گئے ۔آئی جی پی کشمیر وجئے کمارنے کہاکہ شوپیان میں ماراگیاایک ملی ٹنٹ جان محمدلون راجستھان کے بینک منیجر وجے کمارکی ہلاکت میں ملوث تھا۔اُدھر کولگام ضلع کے مشی پورہ علاقے میں بدھ کے روز جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر گولی باری شروع ہوئی ،اوریہاں تادم تحریر انکائونٹر جاری تھا۔جے کے این ایس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہوئی جھڑپ میں لشکرِ طیبہ سے وابستہ2مقامی ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار کے حوالے سے کشمیر پولیس زون نے ٹویٹ کر کے بتایاکہ ہلاک ہونے والے ملی ٹنٹوںمیں سے ایک کی شناخت شوپیاں کے جان محمد لون کے طور پر کی گئی ہے،جو دیگر جنگجو جرائم کے علاوہ، وہ ضلع کولگام میں بینک منیجر وجے کمار کے حالیہ قتل میں ملوث تھا۔ واضح ہے کہ جموں و کشمیر کے علاقائی دیہاتی بینک کے منیجر وجے کمار ساکن راجستھان کے ہنومان گڑھ کو رواں ماہ کی2 تاریخ کو کو لگام ضلع کے آریہ موہن پورہ میں مشتبہ ملی ٹنٹوںنے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔کشمیرزون پولیس نے ایک ٹویٹ میں بتایاکہ شوپیان میں مارے گئیدوسرے ملی ٹنٹ کی شناخت طفیل گنائی کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایاکہ جائے جھڑپ سے مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود بشمول ایک اے کے 47 رائفل اور ایک پستول ،انکاؤنٹر کے مقام سے برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق یہ تصادم رات کے وقت شروع ہوا جب جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ جیسے ہی سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم علاقے میں پہنچی تو وہاں چھپے جنگجووں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس سے تصادم شروع ہوا۔ اُدھر جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے مشی پورہ علاقے میں بدھ کے روز جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر گولی باری شروع ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ رات کے طویل وقفے کے بعد تصادم کے مقام پر دوبارہ فائرنگ شروع ہو گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محاصرے میں پھنسیملی ٹنٹوں میں سے ایک سکول ٹیچر رجنی بالا کے قتل میں ملوث ہے۔ واضح رہے کہ ایک سکول ٹیچر36 سالہ رجنی بالا سانبہ جموںزوجہ راج کمار ، کو اس سال31 مئی کو کولگام میں قائم ہائی سکول گوپال پورہ میں مشتبہ ملی ٹنٹوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔خیال رہے کولگام کے مشی پورہ میں یہ تصادم منگل کو شروع ہوا تھا اور اندھیرے کی وجہ سے اسے روک دیا گیا تھا۔بدھ کی صبح یہاں فائرنگ کا تبادلہ دوبارہ شروع ہو گیا۔مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔اس دوران آئی جی پی کشمیروجئے کمار نے کہاکہ سری نگر شمالی اور جنوبی کشمیر کے درمیان مرکزی درہ ہے، لہذا جب کوئی شمال اور جنوب کی طرف جانا چاہتا ہے، تو اسے سری نگر کو عبور کرنا پڑتا ہے۔ اس طرح ملی ٹنٹ یہاں آتے رہتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہمارا انفارمیشن نیٹ ورک بہت مضبوط ہے۔ یہ انسانی ہو یا تکنیکی، ہم اسے دہشت گردوں سے نمٹنے میں کامیابی کیساتھ استعمال کرنے کے قابل ہیں۔موصوف سینئرپولیس افسر نے یہ باتیں بمنہ میں دوروز قبل ہوئے شبانہ انکائونٹر کے حوالے کہیں ،جہاں ایک مقامی اورایک غیرملکی ملی ٹنٹ ماراگیاتھاجبکہ ایک پولیس اہلکارزخمی ہوگیاتھا۔










