شمالی وجنوبی کشمیراورجموںمیں مختلف نوعیت کے حادثات

مزدور اور خاتون سمیت4افراد لقمہ اجل،ایک خاتون شدیدزخمی

کولگام کا 33سالہ ڈرائیور راجستھان میںجان سے ہاتھ دھوبیٹھا

سری نگر//شمالی وجنوبی کشمیراورجموںمیں مختلف نوعیت کے حادثات کے دوران ایک مزدور اورایک خاتون سمیت4افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک خاتون شدیدزخمی ہوگئی جس کوSKIMSمنتقل کیاگیا ۔اس دوران کولگام کا رہنے والاایک33سالہ ڈرائیور راجستھان میں ہوئے سڑک حادثے میں جان سے ہاتھ دھوبیٹھا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ سڑک حادثہ میں زخمی ہونے والا اجس صدرکوٹ بانڈی پورہ کانوجوان جمعہ کی صبح سری نگر کے ایک اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔گزشتہ ماہ حاجن سوناواری کے صدرکوٹ بالا علاقہ کے رہنے والے مبشر احمد کو اجس صدرکوٹ بانڈی پورہ میں ایک موٹر سائیکل حادثے میں شدیدچوٹیں آئی تھیں۔مبشراحمد تب سے سری نگر کے اسپتال میں زیر علاج تھے اور جمعہ کی صبح اس نے آخری سانس لی۔اس سلسلے میں پولیس نے پہلے ہی متعلقہ قانون کے تحت مقدمہ درج کر رکھا تھا۔اس دوران شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے حاجن علاقے میں جمعہ کی دوپہر سیمنٹ مکسر کی زد میں آکر ایک مزدور کی موت واقعہ ہوگئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حاجن بانڈی پورہ میں ایک مکسر گرنے سے مزدور کو شدید چوٹیں آئیں۔مزدور کو فوری طور پر سی ایچ سی حاجن لے جایا گیا جہاں سے اسے سکمز صورہ ریفر کر دیا گیا تاہم وہ صورہ جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔متوفی کی شناخت فیاض احمد وانی ولد محی الدین وانی ساکنہ بونی کھن حاجن کے بطور ہوئی ہے۔دریں اثنا، حکام کا کہنا ہے کہ لاش کو طبی اور قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ادھر جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے اچھ بل علاقے کے شیلی پورہ گائوں میں ایک 38 سالہ شخص کی بجلی کرنٹ لگنے سے موت واقعہ ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ 38سالہ سبزار احمد صوفی ولد غلام محمد گنائی ساکنہ شیلی پورہ اچھ بل کو ہائی وولٹیج کا جھٹکا اس وقت لگا جب وہ ایچ ٹی بجلی کے تار سے ٹکرایا۔ان کا کہنا تھا کہ اس شخص کو قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں پہنچنے پر اسے مردہ قرار دیا گیا۔اس دوران جموں کے بجالٹہ ا علاقے میں جمعہ کو ٹرین کی زد میں آکر ایک35 سالہ خاتون کی موت واقعہ ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ بجالٹہ جموں میں ٹرین کی زد میں آکر ایک35 سالہ خاتون کی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم اور شناخت کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال (جی ایم سی ایچ) جموں منتقل کیا گیا ہے۔ تفتیشی کارروائی جاری ہے۔ اہلکار نے مزید کہا کہ جی آر پی بجالٹہ میں شروع کیا گیا ہے۔ادھر جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے گوسو علاقے میں جمعہ کو ایک خاتون اپنے مکان کی دوسری منزل سے نیچے گرنے سے زخمی ہوگئی۔ذرئع نے بتایا کہ شکیلہ بانو زوجہ محمد الطاف کمار ساکنہ گوسو پلوامہ میں واقع اپنے رہائشی مکان کی دوسری منزل سے گر کر زخمی ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ زخمی خاتون کو علاج کے لیے ضلع اسپتال پلوامہ لے جایا گیا اور بعد میں مزید علاج کے لیےSKIMS سورہ ریفر کیا گیا۔دریںاثناء راجستھان میں سڑک حادثے میں کشمیری شہری کی موت ہو گئی۔معلوم ہواکہ کولگام کا ایک ٹرک ڈرائیور بھیلواڑہ روڈ راجستھان پر راستے میں کیلے لے کر ٹرک چلاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ٹرک ڈرائیور کی شناخت وسیم کے طور پر کی گئی ہے جس کی عمر تقریباً 33 سال ساکن کولگام ضلع کے لارو علاقہ کے رہنے والے ایک راجستھان روڈ ایکسیڈنٹ میں ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔