شری اَمرناتھ جی یاترا۔2023

ڈاکٹر راگھو لنگر نے بال تل کا دورہ کیا اور وہاں یاتر ا کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

گاندربل//سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی اور نگرانی محکمہ ( ایس اے این جے وائی کے لئے نوڈل آفیسر بال تل) ڈاکٹر راگھو لنگر نے شری اَمرناتھ جی یاترا ( ایس اے این جے وائی ) 2023 ء کے اِنتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لئے آج بال تل کا دورہ کیا اور وہاں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔سیکرٹری موصوف نے دورے کے دوران ایک میٹنگ منعقد کی جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر ، کیمپ ڈائریکٹر بال تل ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر گاندربل مشتاق احمد سمنانی ، چیف پلاننگ آفیسر عرفان گیری ، اے سی ڈی ، ایس ڈی ایم کنگن ، سی اِی او ایس ڈی اے ،ڈسٹرکٹ اورسیکٹورل اَفسران اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔میٹنگ میں دومیل ، باری مرگ ، سنگم اور پوتر گپھا کے کیمپ ڈائریکٹروں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر راگھو لنگر نے موبائل کنکٹویٹی ، بجلی اور پانی کی فراہمی ، خیموں کی پچنگ ، عوامی سہولیات ، صفائی اقدامات ، ہیلپ ڈیسک اور دیگر متعلقہ اِنتظامات کو حتمی شکل دی۔ابتداً، سیکرٹری نے مختلف محکموں اور دیگر شراکت داروں کی طرف سے کئے جانے والے تمام اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے بال تل کے اَپنے گذشتہ دورہ کے دوران دی گئی ہدایات پر کی گئی کارروائی کا بھی جائزہ لیا۔ڈاکٹر راگھو لنگر نے کیمپ ڈائریکٹروں کے ساتھ گفت و شنید کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ تمام محکموں کے اَپنے دائرہ اِختیار میں تعینات تمام نوڈل اَفسران اور سپروائزروں کی تفصیلات کو اَپ ڈیٹ رکھیں تاکہ کسی بھی محکمہ سے متعلق کسی بھی مسئلے کو بروقت پہنچایا جاسکے تاکہ اس کا فوری ازالہ کیاجاسکے۔اُنہو ں نے متعلقہ محکمو ںکو ضروری ہدایات دیں تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یاترا کے آغاز سے قبل تمام زیر اِلتوا چھوٹے کاموں کو اَچھی طرح سے مکمل کیا جائے ۔ الیومینیشن پلان کا جائزہ لیتے ہوئے ایگزیکٹیو اِنجینئر نے بتایا کہ بال تل بیس کیمپ اور پوتر گپھا تک کے راستے میں کافی سٹریٹ لائٹس لگائی گئی ہیں ۔ اِس کے علاوہ شناخت شدہ مقامات پر اَفرادی قوت اور19جن سیٹ بھی لگائے گئے ہیں۔سیکرٹری نے سڑکوں کی میڈیمائزیشن کے حوالے سے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ جہاں بھی ضرورت ہو سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ اور ضروری مرمت کا کام بروقت مکمل کیا جائے۔ڈاکٹر راگھو لنگر نے اِنتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے تمام اَفسران پر زور دیا کہ وہ ایک ٹیم کے طور پر کام کریں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یاترا میں سبھی برابر کے حصہ دار ہیں اور احسن اور محفوظ یاترا کے اِنعقاد کے لئے ہرفرد کا تعاون اہم ہے۔