سنگلا نے چندنواری سے گپھا تک پیدل دورہ کیا ، یاترا کے انتظامات کا جائیزہ لیا
اننت ناگ//سیکرٹری ریونیو ڈاکٹر پیوش سنگلا جو کہ پہلگام ایکسس پر شری امر ناتھ جی یاترا 2023 کے نوڈل افسر بھی ہیں ، نے چندن واری سے پوتر گپھا تک پورے یاترا ٹریک کا پیدل دورہ کیا اور یاترا کے تمام انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران ڈاکٹرسنگلا نے سیکورٹی ایجنسیوں کے نمائندوں ، پہاڑی ریسکیو ٹیموں ، فائر فائٹنگ ٹیموں کے ساتھ بات چیت کی اور جگہ جگہ طبی انتظامات کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے یاترا ٹریک کے ساتھ وقفے وقفے سے بہتر طبی سہولیات کی دستیابی پر زور دیا ۔ انہوں نے آر ایف آئی ڈی ٹیکنالوجی کے موثر استعمال پر بھی روشنی ڈالی جو ہر یاتری کی نگرانی کے قابل بناتی ہے اور اس طرح پوری یاترا کے دوران ان کی خیریت کو یقینی بناتی ہے ۔ پیدل سفر کے دوران نوڈل آفیسر نے راستے کے اطراف کی سہولیات ، بیت الخلاء کی سہولیات ، ٹریک کی صفائی ، کیمپوں میں کئے گئے انتظامات کے ساتھ ساتھ پانی اور بجلی کی فراہمی کا بھی جائیزہ لیا ۔ ڈاکٹر سنگلا نے سفر کیلئے ٹریک کی موزونیت کو یقینی بنانے اور نازک مقامات پر ضروری حفاظتی اقدامات کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے کی گئی زبردست کوششوں پر مزید روشنی ڈالی ۔ یاتریوں کے ساتھ بات چیت کے دوران انہوں نے انتظامات کے حوالے سے مثبت رائے حاصل کی ۔










