بھارتیہ راشٹر سمیتی (بی آر ایس) لیڈر اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ کی بیٹی کے. کویتا نے دہلی آبکاری پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن یعنی طلبی نوٹس کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ انھوں نے عرضی داخل کر اپنی گرفتاری پر روک لگانے کی گزارش کی ہے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی رکن کویتا کی عرضی پر 24 مارچ کو سماعت کرنے پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کویتا کے وکیل نے عرضی پر فوری سماعت کی گزارش کرتے ہوئے کہا کہ کیا کسی خاتون کو ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کے دفتر میں بلایا جا سکتا ہے؟ انھوں نے کہا کہ یہ پوری طرح سے قانون کے خلاف ہے۔ ای ڈی نے منی لانڈرنگ معاملے میں 11 مارچ کو کویتا سے 9 گھنٹے پوچھ تاچھ کی تھی۔ اس سے پہلے انھوں نے کہا تھا کہ خاتون ریزرویشن کے ایشو پر وہ شام میں سیاسی پارٹیوں، شہری تنظیموں اور دیگر لوگوں کے ساتھ گول میز کانفرنس کریں گی۔
واضح رہے کہ کویتا سے ای ڈی نے گزشتہ ہفتہ کے روز 9 گھنٹے سے بھی زیادہ دیر تک پوچھ تاچھ کی تھی۔ دہلی آبکاری گھوٹالہ میں منیش سسودیا پہلے سے ہی جیل میں ہیں اور اس گھوٹالے میں کویتا کا بھی نام آ رہا ہے۔ ہفتہ کے روز وہ صبح 11 بجے ای ڈی دفتر پہنچی تھیں اور رات میں 9 بجے تک ان سے پوچھ تاچھ ہوتی رہی۔ انھیں 16 مارچ کو پھر سے طلب کیا گیا ہے۔










