Nayeem Ul Haq

شبانہ بارشوں کے بعد وادی میں درجہ حرارت معمول سے کچھ ڈگری کم ، شبانہ درجہ حرارت میں بدستور اضافہ

آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں ہونگی ،گرمی کی لہر میں مزید کمی کا امکان/ محکمہ موسمیات

سرینگر //کئی دنوں کی شدید گرمی کے بعد وادی کشمیر میں شبانہ بارشوں کے بعد درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے جس کے نتیجے میں گرمی کی شدید لہر سے لوگوں کو راحت نصیب ہوئی تاہم رات کا درجہ حرارت مسلسل اوپر درج کیا جا رہا ہے ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے آئند پانچ روز تک موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں شبانہ بارشوں کے بعد درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے جس کے نتیجے میں گرمی کی شدید لہر سے لوگوں کو راحت نصیب ہوئی ۔وادی کے شمال وجنوب میں دوران شب بارشیں ہوئی جس سے جہاں شبانہ درجہ حرارت معمول سے اوپر ہی ریکارڈ کیا گیا تاہم دن کی گرمی میںبھی کافی کمی آئی ۔وادی میں بارشوں اور بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہو رہا ہے۔سرینگر میں 1.2 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 1.1 ملی میٹر، پہلگام میں 1.1 ملی میٹر، کپواڑہ میں 0.2 ملی میٹر، بانہال میں 1.4 ملی میٹر، بٹوٹ میں 8.6 ملی میٹر، کٹرہ میں 2.2 ملی میٹر اور بھدرواہ میں 0.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔درجہ حرارت کے بارے میںمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سرینگر میں گزشتہ رات 22.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 19.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ قاضی گنڈمیں گزشتہ رات 20.0 ڈگری سیلشس کے مقابلے میں 15.7 ڈگری سیلشس کا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں گزشتہ رات 13.3 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے 13.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ گلمرگ میں گزشتہ رات 14.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کپواڑہ قصبہ میں پارہ 19.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو گزشتہ رات 19.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا ۔ حکام نے بتایا کہ کوکرناگ میں گزشتہ رات 19.3ڈگری سیلشس کے مقابلے میں 20.0 ڈگری کا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں گزشتہ رات 28.5ڈگری کے مقابلے میں 29.1 ڈگری سیلشسس کا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ، محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر میں ہلکی بارش کے ساتھ ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔