سرینگر//محکمہ کان کنی کے سیکرٹری امیت شرما نے آج سرینگر میں کھنموہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قریب واقع چونا پتھر کی کانوں کا دورہ کیا تا کہ یہاں جاری کان کنی کے کاموں کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ ان کے ہمراہ محکمہ کے دیگر افسران کے علاوہ جوائینٹ ڈائریکٹر جیالوجی اینڈ مائیننگ کشمیر نثار احمد اور ڈی ایم او سرینگر جاوید احمد راتھر بھی تھے ۔ دورے کے دوران سیکرٹری نے چونا پتھر کی کان کنی کے فعال مقامات کا دورہ کیا اور وہاں جاری کاموں کے معیار کا معائینہ کیا ۔ محکمہ کان کنی کے افسران نے سیکرٹری کو یقین دلایا کہ تمام ریٹرن مستقل بنیادوں پر داخل کئے جا رہے ہیں اس کے علاوہ ٹیموں کے ذریعہ وقتاً فوقتاً تمام فعال مقامات پر سرپرائیز چیکنگ کی جاتی ہے ۔ سیکرٹری موصوف نے کہا کہ این جی ٹی کی ہدایات کی مکمل تعمیل کی جای چاہئیے اور بروقت ماحولیاتی منظوری حاصل کرنے کیلئے تمام کوششیں کی جانی چاہئیں اور اس سلسلے میں اگر کوئی ڈیفالٹر پایا جاتا ہے تو ان کے ساتھ سختی سے مختلف دفعات کے تحت نمٹا جانا چاہئیے ۔ اس کیپٹیو سائٹ پر جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری امیت شرما نے ہدایت جاری کی کہ دیگر مقامات پر چونا پتھر کی ای نیلامی کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں اور یو ٹی میں زیر التوا سائیٹس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تا کہ عوام کو اس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے ۔ سیکرٹری نے محکمہ ارضیات اور کان کنی کے افسران کو واضح ہدایات دیں کہ زیادہ سے زیادہ کوششیں ریسرچ اور جیالوجیکل اسٹڈیز کے انعقاد کیلئے کی جائیں جو کہ محکمہ کا بنیادی منڈیٹ ہے ۔










