اودھمپور//سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف، رِی ہیبلٹیشن اور رِی کنسٹرکشن (ڈی ایم آر آر آر) انیل کول نے بلاک کھون کا تفصیلی دورہ کیا۔اُنہوں نے پنچایت سنڈلا میں ایک اہم عوامی رَسائی پروگرام کی صدارت کی اور مقامی لوگو ں کے مسائل کا اَزالہ کیا۔عوامی رَسائی پروگرام میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر گھن شیام سنگھ، ڈی ڈی سی ممبران امیت شرما اور جسویر سنگھ کے علاوہ مختلف ضلعی اور بلاک سطح کے افسران نے حصہ لیا۔ اس تقریب میں پی آر آئی کے سابق ممبران اور عام لوگوں کی جانب سے فعال شمولیت دیکھی گئی جنہوں نے متعدد مسائل اور مطالبات اُٹھائے۔اُنہوں نے تعلیمی اِداروں میں خالی اَسامیوں کوپُر کرنے، سڑکوں کو بلیک ٹاپنگ، ہیلتھ اینڈ ویلنس عمارت کی جلد تکمیل، سرکاری سکولوں میں عملے کی کمی، آنگن واڑی مراکز کے لئے سرکاری عمارتوں کی تعمیر، گاؤں بابے میں پینے کے پانی کی شدید قلت، سرکاری ایچ ایس کو ہائیر سیکنڈری سکول میں اَپ گریڈ کرنے، ہینڈ پمپ کی تنصیب، پی ایم جی ایس وائی سڑکوں کی تکمیل میں تاخیر، پی ایم اے وائی کے تحت مستفیدین کو چھوڑدیا گیا ، دھیما میں ایک بینک کی شاخ کھولنا اور پانی کے پائپ لیکج کو دورہ کرنا جیسے مسائل کو اُجاگر کیا۔ سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف، رِی ہیبلٹیشن اور رِی کنسٹرکشن (ڈی ایم آر آر آر)نے مطالبات اور مسائل کا جواب دیتے ہوئے عوام کو یقین دِلایا کہ اُن کے مسائل کو ترجیح دی جائے گی اوراُنہیں حل کرنے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات فراہم کی جائیں گی۔ اُنہوں نے بلاک دیوس پروگرام کے اِنعقاد کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا اور عوام اور سابق پی آر آئی ممبران کا اس عوامی رَسائی پروگرام میں حصہ لینے پر شکریہ اَدا کیا۔سیکرٹری موصوف نے دربار کے دوران خصوصی بات چیت کی، بہت سے مسائل کو فوری طور پر حل کیا اور بقیہ مسائل کے اَزالہ کے لئے واضح ہدایات فراہم کیں۔ عوامی دربار کو زبردست ردِّعمل ملا، لوگوں نے اپنے ترقیاتی مسائل کا اظہار کیا اور ازالے کے لئے مداخلت کی درخواست کی۔مختلف سرکاری محکموں جیسے زراعت، باغبانی، صحت، پشو و بھیڑ پالن محکمے وغیرہ نے اَپنے محکمانہ بیداری کے سٹال لگائے تھے۔ سیکرٹری نے اے ڈی ڈی سی گھن شیام سنگھ کے ساتھ ایک چکر لگایا اور مختلف محکموں کی طرف سے مرکز کی طرف سے شروع کی گئی فلاحی اور دیگر سکیموں کے بارے میں معلومات پھیلانے کے لئے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا۔سیکرٹری ڈی ایم آر آر آر نے عملے کے ارکان اور سکیم کے اِستفادہ کنندگان سے بھی اِستفساری گفتگو کی اور زمینی سطح پر سکیموں کی عمل آوری کا تفصیلی جائزہ لیا اور اِستفادہ کنندگان سے رائے بھی لی۔بعد میں سیکرٹری موصوف نے پاور ٹلر مشینیں بھی حوالے کیں اور مستفیدین میں آیوشمان بھارت صحت کارڈ تقسیم کئے۔










