سری نگر//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے آج نیشنل آیوش مشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کا بنیادی ایجنڈا قومی آیوش مشن جموں و کشمیر کے سالانہ ایکشن پلان 2024-25 ء پر تبادلہ خیال کرناہے تاکہ قومی آیوش مشن کی گورننگ باڈی کو سفارش کی جاسکے اور منظوری کے لئے مرکزی وزارتِ آیوش کو پیش کیا جاسکے ۔ میٹنگ میں قومی آیوش مشن سے متعلق دیگر اَمور پر بھی تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ڈائریکٹر آیوش جموں و کشمیر ڈاکٹر موہن سنگھ نے سالانہ ایکشن پلان 2024-25 ء پر تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی جسے 157.90 کروڑ روپے کی رقم سے تیار کیا گیا ہے۔ پرزنٹیشن میں آیوش سروسز، آیوش تعلیمی اِداروں، فلیکسی پول اور اِنتظامی لاگت سمیت ایکشن پلان کے مختلف بنیادی اجزأ کا احاطہ کیا گیا۔ ہر جزو پر تفصیل سے تبادلہ خیال اور غور و خوض کیا گیا۔ سالانہ ایکشن پلان 2024-25 ء کو منظوری کے لئے گورننگ باڈی کے سامنے پیش کرنے اور اُسے منظوری اور فنڈز کے اجرأ کے لئے مرکزی وزارتِ آیوش کو پیش کرنے کی اصولی سفارش کی گئی تھی۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے ہدایت دی کہ سالانہ ایکشن پلان 2024-25ء کو جلد اَز جلد گورننگ باڈی اور مرکزی وزارتِ آیوش کو پیش کیا جائے تاکہ مشن کے تحت تمام بنیادی ضروری سرگرمیوں کے مؤثر عمل آوری کے لئے فنڈز کے جلد اجرأ کو یقینی بنایا جاسکے۔ڈاکٹرسیّد عابد رشید شاہ نے جموںوکشمیر یوٹی میں قومی آیوش مشن کو کامیابی سے عملانے کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوںنے قومی آیوش مشن کی اہمیت اور تمام شراکت داروںپر زور دیا کہ وہ اس کی کامیابی کے لئے تندہی سے کام کریں۔اِسی طرح جموںوکشمیر یوٹی میں آیوش ہیلتھ کیئر کی خدمات کو اُن کے اصولوں اور طریقوں کے مطابق فروغ دیں تاکہ تشہیر کے لئے دستیابی اور رَسائی کو یقینی بنایا جاسکے۔میٹنگ میں مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن جموں و کشمیر، ڈائریکٹر جنرل کوڈز فائنانس ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر فائنانس صحت و طبی تعلیم محکمہ ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم محکمہ ، ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیویشن ڈیپارٹمنٹ، سٹیٹ ڈرگ کنٹرولر جموں و کشمیر، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ صحت و طبی تعلیم محکمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر آیوش جموں و کشمیر، مجاز آفیسر جموں و کشمیر بورڈ آف ہومیوپیتھی، ٹیکنیکل آفیسر جموں و کشمیر میڈیسنل پلانٹس بورڈ، پروگرام منیجر نیشنل آیوش مشن جموں و کشمیر اور دیگر افسران و ملازمین نے بھی شرکت کی۔










