جموں//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے صحت و طبی تعلیم محکمہ کے سینئر اَفسران کے آئندہ جی 20 سمٹ 2023 ء کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ کا ایجنڈا مذکورہ سمٹ کے لئے طبی اِنتظامات کو حتمی شکل دینے ، سمٹ میں شرکت کرنے والے مدعو اور دیگر اَفسران کے لئے ایک منظم او روقت پر مبنی طبی اِمداد کو یقینی بنانا تھا۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ جی 20دُنیا کی بڑی ترقی یافتہ اور ترقی پذیر معیشتوں کا ایک بین حکومتی تعاون فورم ہے جس میں19 ممالک او ریورپی یونین شامل ہیں ۔اِس میں 9 مدعو ممالک اور مختلف علاقائی ( اے ایس اِی اے این،اَفریقی یونین ، افریقی یونین ڈیولپمنٹ ایجنسی ) اور بین الاقوامی آرگنائزیشنوں ( یواین، آئی ایم ایف ، ورلڈ بینک ، ڈبلیو ایچ او،ڈبلیو ٹی او ، آئی ایل او، ایف ایس بی ، او اِی سی ڈی ، آئی ایس اے وغیرہ) کے شرکا ٔ ہوں گے ۔میٹنگ میں ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ڈاکٹر شفقت خان جنہیں جی 20 سمٹ 2023 کے دوران ہیلتھ کیئر کے اِنتظامات کے لئے سنگل پوائنٹ آف کنٹیکٹ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے ، نے ایک پرزنٹیشن پیش کی۔میٹنگ کے سائیڈ لائنز پر میٹنگ سائٹس اور دیگر مقامات پرفوری اور بروقت طبی دیکھ ریکھ کو یقینی بنانے کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سربراہان کو ہدایت جاری کی گئیں کہ وہ کسی بھی طبی پریشانی کی صورت میں سہولیات مختص کریں۔اِس بات پر بھی تبادلہ خیال ہوا کہ دورہ کرنے والے معززین اور مرکزی حکومت کے اَفسران کے لئے چوبیس گھنٹے سپیشل کیئر فراہم کی جائے گی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ڈیلی گیٹس اور آنے والے معززین کے لئے ایڈوانس لائف سپورٹ ایمبولینس مقامات اور سیر و تفریح کے دیگر مقامات پر تعینات کی جائیں گی ۔ اِس کے علاوہ ضلع او ریوٹی سطح پر مجموعی اِنتظامات کی نگرانی کے لئے ایک میڈیکل ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی۔سیکرٹری موصوف نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر سے کہا کہ وہ ہیلتھ کیئر ملازمین کی خصوصی تربیت کریں جو اِس مدت کے دوران ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے ۔اُنہوں نے ہیلتھ سٹاف اور دیگر ملازمین کے کام کی نگرانی کے لئے ایک کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام مقامات اور مقامات پر جہاں میٹنگز ہونی ہیں کووِڈ پروٹوکول کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں ایم ڈی نیشنل ہیلتھ مشن آیوشی سوڈان، پرنسپل میڈیکل کالج سری نگر ڈاکٹر تنویر مسعود ، پرنسپل میڈیکل کالج جموں ڈاکٹر ششی سوڈان، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر سلیم الرحمان اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق راتھر ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ صحت و طبی تعلیم محکمہ راجیو بھوشن ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت وطبی تعلیم محکمہ راجیشور سنگھ چرارک ، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن ، نیو میڈیکل کالجز ڈاکٹر یشپال شرمااور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔










