اَفسران سے عوامی مسائل کے فوری اَزالے کو ترجیح دینے کی ہدایت
اودھمپور//سیکرٹری اطلاعات محکمہ ریحانہ بتول نے یو ٹی اِنتظامیہ کے وسیع عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر آج رام نگر کے کگھوٹ میں عوامی رَسائی پروگرام اور شکایتی ازالے کیمپ کا اِنعقاد کیا۔اِس میگا ایونٹ میں ضلع ترقیاتی کونسلوں کے ممبران، بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوں کے سابق ممبران، پی آر آئی کے دیگر ممبران کے علاوہ کگھوٹ اور ملحقہ علاقوں کے مقامی لوگوںنے شرکت کی۔ اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنراودھمپور جوگندر سنگھ جسروٹیہ، آئی اے ایس پروبیشنر سواتی شیمار کے علاوہ مختلف محکموں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔اِس موقعہ پر مختلف سرکاری محکموں بشمول زراعت، باغبانی، صحت، مویشی پروری، بھیڑ پالن، سماجی بہبود، دستکاری اور ڈوگرہ ہاٹ نے اَپنے بیداری سٹال لگائے ہیں۔ سکریٹری نے مرکزی اور یوٹی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی فلاحی اور ترقیاتی سکیموں کے بارے میں معلومات پھیلانے کے لئے قائم کئے گئے اِن سٹالوں کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے افسروں کے ساتھ بات چیت کی اور زمینی سطح پر ان کی متعلقہ سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔عام لوگوں اور پی آر آئی کے سابق ممبران کے ساتھ بات چیت کے دوران اَزالے کے لئے متعدد مسائل اور مطالبات اُٹھائے گئے۔ ان مسائل میں کاکگھوٹ ہائی سکول کو ہائیر سیکنڈری میں اَپ گریڈ کرنا، ریونیو ریکارڈ کی کمی، اَساتذہ کی خالی اَسامیوں کو پُر کرنا، جل جیون مشن کے تحت واٹر ٹینک کا کام کرنا، پینے کے پانی کی قلت، کگھوٹ میں سپورٹس سٹیڈیم، دُور دراز علاقوں کے لئے سڑک رابطہ اور سڑکوں کی مرمت اور بلیک ٹاپنگ کے علاوہ مختلف اِداروں میں پانی، بجلی اور عملے کی کمی ، صنعتی علاقے میں صنعتوں کے قیام ،کے وِی سکول کی عمارتوں کی تعمیر ، صحت اور تعلیمی سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے کے مسائل کو بھی اُجاگر کیا گیا۔سیکرٹری نے افسران کو ہدایت دی کہ عوام کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور زِیر اِلتوأ مسائل کی تفصیلی رپورٹ اعلیٰ حکام کے غور و خوض کے لئے پیش کریں۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی دربار کا بنیادی مقصد روز مرہ کے عوامی مسائل کو حل کرنا اور مرکزی معاونت والی سکیموں کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانا ہے۔دورانِ پروگرام سیکرٹری نے افسران سے محکمہ وار فلیگ شپ سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں رائے طلب کی۔ اُنہوں نے بہتر خدمات کی فراہمی اور مختلف محکمانہ سرگرمیوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے حقیقی شکایات کو کم سے کم وقت میں حل کرنے کی یقین دہانی کی اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی اوّلین ترجیح عوام کو بنیادی سہولیات کی مؤثر اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔بعد ازاں سیکرٹری نے مکئی کی شیلر، پاور ٹیلر، برش کٹر اور ٹریکٹر کی چابی مستحق کسانوں کے حوالے کی۔










