سیدھو شوپیان روڑ پر جمعرات کوصبح صادق سے پہلے نجی گاڑی میں دھماکہ

3فوجی اہلکار زخمی ،ایک کی حالت نازک ،2دیگر مستحکم:پولیس ،فوج

سری نگر//پہاڑی ضلع شوپیان کے دُورافتادہ علاقہ سیدھو میں جمعرات کوصبح صادق سے پہلے ایک پرائیویٹ گاڑی میں ہوئے دھماکے کی زدمیں آکر تین فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے سیدھو علاقے میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کی جار ہی ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایاکہ شوپیان کے سیدھو علاقے میں فوج کی طرف سے کرایہ پر لی گئی ایک پرائیویٹ گاڑی میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں تین فوجی جوان زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے ایک ٹویٹ میں اس دھماکے کے متعلق جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ شوپیاں کے سیدھوعلاقے میں کرایہ پر لی گئی ایک پرائیویٹ گاڑی میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں تین فوجی جوان زخمی ہوگئے جنہیں علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ اس دھماکے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں کہ آیا یہ گرینیڈ دھماکہ تھا یاکہ گاڑی میں پہلے ہی نصب آئی ای ڈی کا دھماکہ تھا یا گاڑی کی بیٹری کو کچھ ہوا ہے۔ادھر پی آر او (دفاع) سری نگرنے ایک بیان میں کہاکہ جمعرات کوصبح 3بجے مخصوص انٹیلی جنس کی بنیاد پر، سیدھوشوپیان میںایک آپریشن شروع کیا گیا تاکہ عام علاقہ پتیتوہلان کو گھیرے میں لے کر تلاشی لی جا سکے۔ انہوںنے کہاکہ ہدف والے علاقے کی طرف جاتے ہوئے، سیدھو سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر، سیکورٹی اہلکاروںکے زیر استعمال کرایہ پر لی گئی پرائیویٹ گاڑی میں ایک دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں فوج کے تین فوجی زخمی ہوئے۔ امکان ہے کہ دھماکہ آئی ای ڈی یا دستی بم یا گاڑی میں بیٹری کی خرابی سے ہوا ہو۔ تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں۔پی آر او (دفاع) سری نگرنے مزید کہاکہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ضلع اسپتال شوپیاں میں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور اس کے بعد انہیں92 بیس اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ ایک فوجی کی حالت نازک ہے جبکہ2 دیگر زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔پی آر او (دفاع) سری نگرنے مزید کہاکہ متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور فرار ہونے کے تمام ممکنہ راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔