بچوں کے پاس بیٹھ کر سگریٹ نوشی سے گریز کیاجائے۔ معالجین
سرینگر//وادی کشمیر میں سخت سردیوں کے دوران اپنے بند کمروں میں بچوں کے پاس بیٹھ کر سگریٹ نوشی سے پرہیز کرنے کی صلاح دیتے ہوئے ماہرین اطفال نے کہا ہے کہ سگریٹ کا دھواں بچوں کیلئے خطرناک سابث ہوسکتا ہے اور بچوں کے پھیپڑوں کے ذریعے چھاتی تک پہنچنے کی وجہ سے آگے چل کر بچوں کو مہلک بیماریوں میں مبتلاء کرسکتا ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق چائلڈسپیشلسٹ نے کہا ہے کہ بچوں کے پاس بیٹھ کر سگریٹ نوشی نہ کی جائے‘ سگریٹ کا دھواں بچوں کیلئے انتہائی خطرناک ہے‘ سگریٹ نوشی کرنیوالے والدین بچوں کا منہ بھی چومتے ہیں تو بھی خطرناک جراثیم سانس کے ذریعے بچوں کو متاثرکرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ سردیوں کے ایام کے دوران وادی میں لوگ اکثر بند کمروں میں رہتے ہیں جہاں وہ اسی جگہ سیگریٹ اور تمباکو نوشی بھی کرتے ہیں جہاں پر سبھی لوگ خاص کر بچے ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وی او آئی نمائندے امان ملک کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وادی میں سردی کے موسم میں لوگ اپنے گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند کرکے اند ر بیٹھتے ہیں جس دوران وہ سگریٹ نوشی بھی ان ہی بندکمروںمیں کرتے ہیں جو عام انسان کے ساتھ ساتھ بچوں کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔










