سکینہ ایتو نے پنجاب کے گورنر سے ملاقات کی

سکینہ ایتو نے پنجاب کے گورنر سے ملاقات کی

پہلگام حملے کے بعد جموں و کشمیر کے طلباء ، کاروباری برادری کے مسائل اٹھائے

چندی گڑھ//وزیر صحت اور میڈیکل ایجوکیشن سکینہ ایتو نے راج بھون میں پنجاب کے گورنر اور چندی گڑھ یو ٹی کے ایڈمنسٹریٹر مسٹر گلاب چند کٹاریہ سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران وزیر نے پہلگام جموں و کشمیر میں حالیہ المناک حملے کے نتیجے میں جموں و کشمیر کے طلباء اور کاروباری برادری کی حفاظت اور سلامتی سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر نے گورنر سے درخواست کی کہ وہ جموں و کشمیر کے طلباء اور کاروباری برادری کے مابین سیکورٹی کا احساس پیدا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں ۔ گورنر نے وزیر کو مکمل یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پنجاب اور چندی گڑھ کی انتظامیہ تمام جموں و کشمیر کے رہائشیوں اور طلباء کی حفاظت کو یقینی بنائے گی ۔ اس موقع پر ڈی جی پی پنجاب گوربھ یادو اور ڈی جی پی چندی گڑھ سریندر سنگھ یادو بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں وزیر نے پہلگام حملے کے نتیجے میں جموں و کشمیر کے طلباء ، کاروباری برادری اور دیگر افراد کے امور پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب مسٹر کے اے پی سنہا سے بھی ملاقات کی ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم امور پنجاب مسٹر آلوک شیکھر بھی بات چیت کے دوران موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران وزیر نے چیف سیکرٹری اور اے سی ایس سے درخواست کی کہ وہ اس وقت پنجاب اور چندی گڑھ میں جموں و کشمیر کے طلباء اور کاروباری برادری کے مابین سیکورٹی کے احساس کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں ۔

چیف سیکرٹری اور اے سی ایس نے اس وقت پنجاب میں موجود تمام جموں و کشمیر کے طلباء اور کاروباری برادری کی فلاح و بہبود اور حفاظت کیلئے جے اینڈ کے حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ دورے کے دوران سکینہ ایتو نے ذاتی طور پر پنجاب میں مقیم جموں و کشمیر کے طلباء اور کاروباری پیشہ ور افراد کے ساتھ بات چیت کی ۔ اور ان کے ساتھ ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود سے متعلق انہیں یقین دہانی کرائی ۔ بات چیت کے دوران سکینہ ایتو نے انہیں یقین دلایا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت ملک بھر میں اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود اور سلامتی کیلئے پوری طرح پرعزم ہے ۔ بعد ازاں سکینہ ایتو نے کالج حکام کے ساتھ طلباء کے سیکورٹی خدشات پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے یونیورسل گروپ آف انسٹی ٹیوشن چندی گڑھ کا دورہ کیا کیونکہ اس کالج میں تعلیم حاصل کرنے والے جموں و کشمیر کے طلباء اپنے آبائی شہروں کیلئے روانہ ہو گئے ہیں ۔ وزیر نے سرسوتی گروپ آف کالج چندی گڑھ کا بھی دورہ کیا اور طلباء کے ساتھ ذاتی طور پر بات چیت کی ۔ انہوں نے طلباء کو حکومت کی ہر ممکنہ مدد کی یقین دہانی کرائی ۔