سکینہ ایتو نے جی ڈی سی فریسل میں ملٹی پرپز انڈور سپورٹس ہال کا افتتاح کیا

سکینہ ایتو نے جی ڈی سی فریسل میں ملٹی پرپز انڈور سپورٹس ہال کا افتتاح کیا

کلگام//وزیر برائے تعلیم ، سماجی بہبود ، صحت و طبی تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے گورنمنٹ ڈگری کالج ( جی ڈی سی ) فریسل میں ملٹی پرپز انڈور سپورٹس ہال کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر کالج کی جانب سے کھیل ، جسمانی تندرستی اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل طے ہوا ۔ یہ سہولت تقریباً 1.94 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی گئی ہے ۔ تقریب میں ایم ایل اے دیوسر پیر زادہ فیروز احمد شاہ ، ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری ، نوڈل پرنسپل کشمیر ڈویژن کالجز ، سی ای او کلگام ، جی ڈی سی فریسل ، ڈی ایچ پورہ اور کیلم کے پرنسپلز ، ڈی ایس ڈبلیو او ، بی ڈی او اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران ، فیکلٹی ممبرز ، مقامی رہائشی اور طلبہ موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے معیاری تعلیمی انفراسٹرکچر کی اہمیت اور کھیلوں کے کردار کو اجاگر کیا جو پراعتماد ، نظم و ضبط والے اور ذمہ دار شہری بنانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے ۔ وزیر نے کالج انتظامیہ پر زور دیا کہ طلبہ کو کھیلوں کی سرگرمیوں اور دیگر مثبت مشاغل میں مصروف کریں اور ان کی صلاحیتوں کو درست سمت میں لفائیں تا کہ وہ اپنی تعلیم میں بہترین کارکردگی دکھائیں اور معاشرے کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ سکینہ ایتو نے کہا کہ ملٹی پرپز انڈور اسپورٹس ہال نے انڈور کھیلوں کیلئے بہتر سہولیات فراہم کی ہیں اور طلباء کی کھیلوں کی سرگرمیوں میں زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ ایم ایل اے دیو سر نے بھی مجمع سے خطاب کیا اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور تعلیمی و غیر نصابی مواقع پیدا کرنے میں تعلیمی اداروں کی اہمیت پر زور دیا ۔ ایم ایل اے نے پرائمری ہیلتھ سینٹر ( پی ایچ سی ) فریسل کیلئے 24 لاکھ روپے مالیت کی ڈیجیٹل ایکسرے مشین کا بھی اعلان کیا ۔