سری نگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے ماتا ویشنو دیوی تودے گرآنے کے واقعے میں قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ کا اِظہا رکیا ہے ۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ یہ دل دہلا دینے والا سانحہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے انتہائی دِلخراش ہے۔ اُنہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے صبر و ہمت کی دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے بھی دعا کی۔اُنہوں نے کہا،’’ایسے سانحے کے لمحات کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ میری دعائیں ان لوگوں کے کنبوں اور رشتہ داروں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اَپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔‘‘وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ بالخصوص محکمہ صحت کو فوری طور پر متحرک کیاگیا ہے تاکہ زخمی یاتریوں اور متاثرہ کنبوں کو فوری اِمداد اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ان سوگوار کنبوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے اور ان کی بروقت امداد و بحالی کے لئے پُرعزم ہے۔










