سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ کا دورہ کیا اور صحت سہولیات کا جائزہ لیا

سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ کا دورہ کیا اور صحت سہولیات کا جائزہ لیا

اننت ناگ // وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ کا دورہ کیا اور جنوبی کشمیر میں مسلسل بارشوں کے پیش نظر ایمرجنسی تیاریوں اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیر موصوفہ نے دورے کے دوران ایمرجنسی، آپریشن تھیٹروں اوراِنتہائی نگہداشت یونٹوں ( آئی سی یوز ) سمیت اہم وارڈوں کا تفصیلی معائینہ کیا اور ذاتی طور پر سیلاب سے متعلق حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جن میں نکاسی آب، بجلی کے بیک اَپ سسٹمز اور ایمرجنسی سامان کی دستیابی شامل تھے۔اُنہوں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ سیلاب متاثرہ مریضوں کے لئے خصوصی ایمرجنسی کاؤنٹر قائم کریں، صفائی مہم کو بڑھائیں تاکہ آبی امراض نہ پھیل سکیں اور مریضوں کے ہمراہ آنے والے تیمارداروں کے لئے مناسب پناہ گاہی سہولتیں یقینی بنائیں۔اُنہوںنے بالخصوص ماں اور بچے کی صحت نگہداشت پر توجہ دینے کی ہدایت دی کیوں کہ ایسے کمزور طبقات کو ایمرجنسی حالات میں اضافی سہولیتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔وزیرموصوف نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف سے بھی بات چیت کی اور ضروری اَدویات، خون کے ذخائر، ایمبولینسز اور اِنتہائی نگہداشت کے بنیادی ڈھانچے کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا تاکہ ہسپتال ہنگامی صورتحال میں بڑھتے مریضوں کو سنبھالنے کے لئے مکمل طور پر تیار رہے۔اُنہوں نے مضبوط ایمرجنسی رسپانس سسٹم کی اہمیت پر زور دیا جس میں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی روسٹر، ضلعی اِنتظامیہ کے ساتھ ہم آہنگی اور موبائل میڈیکل ٹیموں کی تیز تر تعیناتی شامل ہے تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں تک فوری طبی اِمداد پہنچ سکے۔وزیرموصوفہ نے کہا،’’ہماری اوّلین ترجیح یہ ہے کہ ہر مریض کو بروقت علاج ملے۔ ادویات، بجلی کا بیک اپ، محفوظ پینے کا پانی اور مؤثر ریفرل نظام ایسی صورتحال میں ناقابلِ سمجھوتہ ہیں۔ ہماری حکومت جموں و کشمیر بھر میں طبی اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے پُر عزم ہے تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات مل سکیں۔‘‘اُنہوں نے مشکل حالات میں محنت سے کام کرنے والے طبی عملے کی کوششوں کو سراہا اور انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کی۔ اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چوکس رہیں اور وقتاً فوقتاً جاری کئے جانے والے طبی مشوروں پر عمل کریں۔دورے کے دوران وزیر سکینہ ایتوکے ہمراہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نیو جی ایم سیز، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال اننت ناگ، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، ڈاکٹروں اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔