کہا، حکومت متاثرہ کنبوں کی طویل مدتی بحالی کیلئے پُر عزم ہے
جموں//وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے آج ایوان کو آگاہ کیا کہ حکومت نے اننت ناگ ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ کادی پورہ اننت ناگ کے آتشزدگی کے متاثرین کو وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ریلیف فنڈ سے فوری امداد فراہم کرے۔اُنہوں نے کہا، ’’ میں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایت پر ارکان قانون ساز پیرزادہ محمد سعید، عبدالمجید لارمی اور الطاف احمد وانی کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا تاکہ ِامدادی اَقدامات اور آگ سے ہوئے نقصانات کا موقعہ پر جائزہ لیا جا سکے۔‘‘وزیر موصوفہ نے ایوان کو یقین دلایا کہ حکومت اس تباہ کن آتشزدگی کے متاثرہ کنبوں کی طویل مدتی بحالی کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع اِنتظامیہ کو بحالی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور ضلع ترقیاتی کمشنر کو متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں جن میں عارضی پناہ گاہیں، خوراک کی فراہمی اور ایمرجنسی مالی امداد شامل ہے۔اُنہوںنے یہ بھی بتایا کہ انتظامیہ کو نقصانات کا مکمل جائزہ لینے اور متاثرہ کنبوں کو جلد از جلد معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی تاکہ امدادی کوششوں کا جائزہ لیا جا سکے اور بروقت امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید برآں، متاثرہ کنبوں کو ترجیحی بنیادوں پر لکڑی بھی فراہم کی جائے گی۔سپیکر عبدالرحیم راتھر نے وزیر صحت کو ہدایت دی تھی کہ وہ کادی پورہ آتشزدگی کے واقعے کے بعد جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بالخصوص وزیر کے جائے وقوعہ کے دورے کے بعد ایوان کو آگاہ کریں۔اِس سے قبل اس واقعے کا معاملہ ایوان میں رکنِ اسمبلی ڈاکٹر بشیر احمد ویری نے اٹھایا تھا۔










