کہا،یومیہ رَسائی کا یہ پروگرام عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی عوام دوست حکمرانی کی مثال ہے
جموں//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود ، سکولی و اعلیٰ تعلیم سکینہ اِیتو شفاف حکمرانی اور عوامی مسائل کے فوری ازالے کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کی جاری کوششوں کے تحت سول سیکرٹریٹ میں روزانہ کی بنیاد پر عوامی دربارمنعقد کرتی ہے۔اِس اَقدام کو عوام کی طرف سے زبردست پذیرائی ملی ہے کیوں کہ جموں و کشمیر کے مختلف اَضلاع سے متعدد وفود، سول سوسائٹی کے اَرکان اور اَفراد روزانہ وزیر موصوفہ سے ملاقات کرکے اَپنے مسائل، ترقیاتی ضروریات اور عوامی فلاح سے متعلق معاملات گوش گزار کرتے ہیں۔ وزیر سکینہ اِیتو جن کے پاس صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود، سکولی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے محکموں کے اہم قلمدان ہیں، ان ملاقاتوں کے دوران عوامی مسائل کو بغور سُن کر موقعہ پر ہی متعلقہ محکموں کو ضروری کارروائی کے احکامات جاری کرتی ہیں۔اُنہوں نے عوامی وفود اور اَفراد سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت کی نچلی سطح پر حکمرانی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا،’’عوامی دربار حکومت اور عوام کے درمیان ایک پُل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہر آواز سنی جائے اور جائز مسائل کا فوری اَزالہ کیا جائے۔‘‘وزیر موصوفہ نے زور دیا کہ یومیہ رَسائی کا یہ پروگرام عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی عوام دوست حکمرانی کی مثال ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حوالے سے حساس رویہ اَپنائیں اور عوامی دربار میں اُٹھائے گئے معاملات پر بروقت کارروائی کو یقینی بنائیں۔










