سکینہ اِیتونے اِچگام بڈگام کا دورہ کر کے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے طالب علم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی

سکینہ اِیتونے اِچگام بڈگام کا دورہ کر کے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے طالب علم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی

بڈگام / /زیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے اِچگام بڈگام کا دورہ کرکے نوجوان طالب علم کے اہل خانہ سے اِظہارِ تعزیت کی جو کل کرنٹ لگنے کے المناک واقعے میں جاں بحق ہوئے تھے۔ وزیر موصوفہ کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی چاڈورہ علی محمد ڈار،ممبر اسمبلی خانصاحب سیف الدین بٹ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر اور ضلعی اِنتظامیہ کے دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔وزیر تعلیم نے دورے کے دوران جاں بحق ہوئے طالب علم کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور اِس مشکل وقت میں اُن کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہا رکیا۔ اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایاکہ اِس ناخوشگوار واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور غفلت کے مرتکب اَفراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت اِس دُکھ کی گھڑی میں متاثرہ کنبے کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے اور اُنہیں ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کی جائے گی۔اِس سے قبل وزیرموصوفہ نے جائے حادثہ کا بھی دورہ کیا اور اس ناخوشگوار واقعہ کے اسباب کا موقعہ پر ہی جائزہ لیا۔بعد میں سکینہ اِیتو نے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ اور ضلعی اِنتظامیہ کے دیگر سینئر اَفسران کے ساتھ ڈاک بنگلہ میں ایک مختصر میٹنگ بھی منعقد کی جس میں اِس واقعے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو سخت ہدایات دیں کہ واقعے کی شفاف اور وقت مقررہ کے اندر تحقیقات یقینی بنائی جائے اور غفلت کے مرتکب اَفراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔وزیر موصوفہ نے ضلعی اِنتظامیہ کو تمام سکولوں اور دیگر سرکاری اِداروں کے قریب حفاظتی اَقدامات جائزہ لینے کی بھی ہدایت دی تاکہ مستقبل میں اِس قسم کے واقعات کو روکا جا سکے۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے وزیر موصوفہ کوجانکاری دی کہ اِس واقعے کی تحقیقات کے لئے ایک اَنکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جواِس بات کا جائزہ لے گی کہ کرنٹ لگنے کا واقعہ کیسے پیش آیا،اِس میں کیا کوتاہیاں ہوئیں اور ذِمہ داران کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔