نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی : ا یس ایس پی رورل کشمیر
سرینگر//ایس ایس پی ٹریفک رورل کشمیر رویندر پال سنگھ نے کہا ہے کہ سڑک حادثات کو کم سے کم کرنے کیلئے بہت کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کسی کو بھی بغیر ہلمٹ کوئی سکوٹی یا موٹر بائیک چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوںنے بتایا کہ نشہ کرکے گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔ وائس آف انڈیا کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک رورل کشمیر رویندر پال سنگھ نے کہا ہے کہ محکمہ ٹریفک کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرانے کیلئے ایک خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ا نہوں نے بتایا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ ٹریفک حادثات پر قابو پایا جائے اور اس کیلئے ہم نے ٹریفک قوانین کا سختی سے اطلاق کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہلمٹ کے بغیر کسی کو موٹر سائکل یا سکوٹی چلانے کی اجازت نہیں ہوگی اور اسی طرح بغیر سیٹ بلٹ کے اگر کسی کو گاڑی چلاتے ہوئے پایا جائے گا اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ کنڈم گاڑیاں چلانے کی وجہ سے بھی سڑک حادثات رونماء ہوسکتے ہیں اور ہم ایسے گاڑیوں کے خلاف بھی کارراوئی کریں گے جو چلانے کے قابل نہیں ہے اور پھر بھی ان گاڑیوں کو چلایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روٹ پرمٹ اور دیگر کاغذات کا رکھنا لازمی ہے اور جن کمرشل گاڑیوں کو بغیر کسی کاغذ کے پایا جائے گا اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں رویندر پال سنگھ نے وی او آئی نمائندے امان ملک کو بتایا کہ ہم کسی بھی نابالغ کو گاڑی چلانے کی اجازت نہیں دے سکتے اور ناہی محکمہ ٹریفک کسی نابالغ کو لائسنس فراہم کرسکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ لوگوں کو بھی سمجھنا چاہئے کہ اگر وہ اپنے بچوں کو گاڑی ، موٹر سائکل یا سکوٹی چلانے کی اجازت دیں گے تو وہ ایک تو ان کی اپنی جان کیلئے خطرہ بنے گا بلکہ ان کے علاوہ دوسرے لوگوں کیلئے بھی وہ جان کا خطرہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نشہ کی حالت میں کسی کو گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہے اور ہم اس پر بھی کام کررہے ہیں اور آنے والے دنوں میں ہر ایک ایس او کے پاس آلہ ہوگا جس سے ڈرائیور کی جانچ ہوگی کہ آیا یہ نشے کہ حالت میں گاڑی تو نہیں چلارہا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ خصوصی مہم کے تحت کے پی روڑ اننت ناگ میں گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی اور ٹریفک قوانین پر مکمل درآمد کرنے کی لوگوں کو تلقین کی گئی۔ ایس ایس پی نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر خود ہی عمل کریں تاکہ سڑک حادثات کم ہوں۔










