سری نگر// سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبد الرحیم راتھر نے پولو ویوسری نگر میں رائیل ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر کا اِفتتاح کیا۔سپیکر موصوف نے اِفتتاحی تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے قابل رَسائی اور جدید طبی سہولیات کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اس اَقدام کو خطے میں جدید فلاحی طریقوں کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا اور اُمید ظاہر کی کہ یہ سینٹر کمیونٹی کی مجموعی صحت میں بہتری کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔اِس موقعہ پر رائیل ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر سری نگر کے مالک ڈاکٹر حامد صوفی نے سپیکر کو سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔یہ قابلِ ذِکر ہے کہ نئے قائم شدہ سینٹرکا مقصد رہائشیوں کو جدید طبی سہولیات اور فلاحی خدمات فراہم کر نا ہے تاکہ خطے میں مجموعی صحت و تندرستی کو فروغ دیا جا سکے۔یہ سینٹر کمیونٹی کی متنوع صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے عصری ہیلتھ کیئر کے حل کے ساتھ روایتی علاج کی تکنیکوں کو مربوط کرتے ہوئے جدید طبی خدمات ، تشخیص اور خصوصی تندرستی کے پروگرام پیش کرنے کے لئے لیس ہے۔سینٹر کی اہم خصوصیات میں سے ایک اس کی علاج معالجے کی خدمات ہے جس میں کپنگ تھراپی اور اروما تھراپی شامل ہیں۔رائیل ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر کا قیام سری نگر میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے رہائشیوں کواحتیاطی اور علاج معالجے کی فلاحی خدمات کے لئے ایک مخصوص جگہ فراہم ہوتی ہے۔










