سپریم لیڈر کو قتل کی اسرائیلی دھمکی پر ایران کی وارننگ

نیویارک/یو این آئی// اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کو اسرائیل کی جانب سے سپریم لیڈر کو قتل کی کھلی دھمکی پر وارننگ دی ہے ۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے عالمی ادارے اور سلامتی کونسل کے رکن ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اسلامی انقلاب کے رہبرِ معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی اسرائیلی دھمکی کوئی معمولی یا زبانی کلامی بات نہیں بلکہ ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے ۔ چہارشنبہ کے روز اقوام متحدہ کو لکھے گئے ایک خط میں ایرانی سفیر نے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے اراکین کی توجہ اسرائیلی وزیر جنگ اسرائیل کاٹز کے اس حالیہ عوامی بیان کی طرف مبذول کروائی، جس میں انہوں نے اعلانیہ کہا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو ’’موت کیلئے نشان زد‘‘ کر دیا گیا ہے ۔ ایرانی سفیر نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ دھمکی کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں بلکہ یہ ایران کے اعلیٰ ریاستی حکام کو نشانہ بنانے کی ریاستی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی ایک دانستہ اور منظم پالیسی کا حصہ ہے ، جسے اسرائیلی حکومت ایران کے خلاف اپنی غیر قانونی جارحیت کے تناظر میں آگے بڑھا رہی ہے ۔ دوسری جانب نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے امیر سعید ایروانی نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے چند اہم نکات پیش کیے ۔