سوپور //نئی روٹ پالیسی اورچوراہوں پر پختہ روڑ ڈیوائیڈرس کیخلاف سوپور کے تاجروںنے بدھ کے رو ززورداراحتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ مین چوک اور اقبال مارکیٹ میں تعمیر شدہ نئے روڑ ڈیوائیڈرس کو فوری طور سے ہٹایا جائے۔احتجاجی تاجروںنے کہاکہ قصبہ سوپورمیں ٹریفک کی نئی روٹ پلاننگ نے اُنکاکاروبار بُری طرح سے متاثر کیاہے جبکہ عام شہریوں کوبھی ایک جگہ سے دوسری جگہ آنے جانے میں سخت مشکلات پیش آرہے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق قصبہ سوپور کے مین چوک، مین بازار، چھوٹا بازار، گول مارکیٹ اور اقبال مارکیٹ کے سینکڑوں دُکانداروں،تاجروں اوردیگر لوگوں نے مین بازار سے اقبال مارکیٹ تک پْرامن طور ایک احتجاجی ریلی نکالی اور اقبال مارکیٹ میں دھرنا دیا۔ احتجاجی دکانداروں کا کہنا تھاکہ2 ماہ قبل جب سے انتظامیہ نے قصبہ سوپور میں نئی روٹ بندی اورٹریفک پلاننگ پرعمل کیا،اورقصبہ کی مختلف سڑکوں اور چوراہوں پر جو روڑ ڈیوائڑرس تعمیرگئے ،تب سے تاجروںکا کاروبار کافی متاثر ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ چوراہوں اوراہم کراسنگس پرپختہ ڈیوائیڈرس کی وجہ سے سوپورقصبہ میں کاروباری سرگرمیاں عملاًٹھپ پڑی ہوئی ہیں ،کیونکہ خریداروں کودکانات تک پہنچنے میں مشکلات درپیش ہیں ۔تاجروںکاکہناتھاکہ نئی روٹ پالیسی اورچوراہوں پر پختہ روڑ ڈیوائیڈرس کی وجہ کاروبار میں کافی گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے کیونکہ لوگوں کو ان کے دکانات تک پہنچنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،جہاں سے وہ کوئی سامان خریدناچاہیں۔انہوںنے کہاکہ خریداروں کو گھوم کر دکانات تک پہنچنا پڑتا ہے۔ مین بازارسوپور کے ایک معروف تاجر اور بازار کمیٹی کے صدر محمد شفیع چنگال نے بتایا ہے کہ مین چوک میں تعمیر شدہ ڈیوائیڈر کی وجہ سے دوکانداروں کو کافی نقصان کا سامنا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے ان کے دکانات پر بہت ہی کم لوگ خرید وفروخت کیلئے پہنچ پاتے ہیں۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ نئی روٹ پالیسی اورچوراہوں پر پختہ روڑ ڈیوائیڈرس کی وجہ سے خریدوفروخت میں نمایا کمی پیدا ہوئی ہے۔احتجاجی تاجروںنے کہاکہ ہم اس زیادتی اورناانصافی کیخلاف ہڑتال کرنے والے تھے لیکن اسکول کھلنے کے پیش نظرہم نے ہڑتال کاپروگرام موخر کیاتاکہ طلبہ اوراُنکے والدین کوکسی قسم کی پریشانی درپیش نہ ہو۔انہوںنے کہاکہ ہم لیفٹنٹ گورنر انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ بارہمولہ سے اپیل کرتے ہیں کہ سوپور قصبہ کی سڑکوںکے چوراہوںخاص کر مین چوک اور اقبال مارکیٹ سے پختہ ڈیوائیڈرس کو ہٹایا جائے تاکہ دوکانداروں کا کاروبار متاثر ہونے سے بچ جائے۔اُس دوران میونسپل کونسل سوپور کی صدر مسرت رسول کار اور ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل سوپور نیز پولیس حکام بھی احتجاجی دکانداروں کے پاس پہنچ گئے اور اُنہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبے کو انتظامیہ کے اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے اور اس مسئلے کو حل کرنے کی پوری کوشش کرینگے۔اسی یقین دہانی پر اقبال مارکیٹ میں جمع ہوئے احتجاجی دکانداروںنے اپنادھرنا پُرامن طورپرختم کیا۔










