سری نگر//سوشل فارسٹری ڈیپارٹمنٹ نے ’’ گرین جے اینڈ کے ڈرائیو ‘ ‘ کے ایک حصے کے طور پر آج یہاں زکورہ کیمپس میں کشمیر یونیورسٹی کے اِشتراک سے ایک میگا شجرکاری تقریب کا اِنعقاد کیا۔ پودے لگانے کی تقریب میں یونیورسٹی اور سکولی طلباء ، این سی سی کیڈٹس ، سکولی بچوں ، ایکو کلب کے ممبران ، وَن مترا، این جی اوز ، یونیورسٹی کے ٹیچنگ فیکلٹی ، سرکاری اَفسران ، سوشل فارسٹری ڈویژن سری نگر کے عملے اور مقامی لوگوں نے حصہ لیا۔دیودار اور دیگر اَقسام کے زائد اَز 1,000 پودے لگائے گئے ۔ پرنسپل سیکرٹری جنگلات و ماحولیات محکمہ دھیرج گپتا نے اِس مہم کا آغاز کیا جو اِس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے اِس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے شجرکاری تقریب کو کامیابی سے اَنجام دینے میں وِی پی پی سیز ، پی آر آئیز ، گرام پنچایت ممبران ، یونیورسٹی اِنتظامیہ اور دیگر شراکت داروں کی بھرپور حمایت اور شرکت پر اطمینان کا اِظہار کیا اور تعریف کی۔اُنہوں نے کہا کہ سوشل فارسٹری کے مختلف اَقدامات کے تحت شہری علاقوں میں شجرکاری کو بڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ سبز اثاثے پیدا کئے جاسکیں جو نہ صرف شہروں کی جمالیاتی قدر میں اِضافہ کرتے ہیں بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے میں بھی کلیدی کردار اَدا کرتے ہیں۔دھیر ج گپتا نے تعلیمی اِداروں کے اَندر ، گرام پنچایتوں کی زمین پر شجرکاری کرنے اور کسانوں کی زمین پر شجرکاری کو فروغ دینے کے لئے سوشل فارسٹری ڈیپارٹمنٹ کی کوششوں کی تعریف کی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ گرام پنچایتیں مقامی لوگوں کو شجرکاری کو ایک فائدہ مند کاشت کاری کے کاروبار کے طور پر اَپنانے میں شامل کرنے میں فعال کردار اَدا کر رہی ہیں تاکہ ان کی آمدنی اِضافہ ہو اور دیہی علاقوںمیں روزی روٹی کے مواقع میں اِضافہ ہوسکے۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے پی سی سی ایف ( ایچ او ایف ایف ) ڈاکٹر موہت گیرا نے ’’ گرین جے کے ڈرائیو‘‘ کے تحت سری نگر شہر کو سر سبز بنانے کے لئے محکمہ سماجی جنگلات کی کوششوں کو سراہا اور تعلیمی اِداروں خصوصاًیونیورسٹی کیمپس میں اِس طرح کی شجرکاری مہم کی اہمیت کو اُجاگر کیا ۔ وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلو فر خان نے اَپنے خطاب میں سوشل فارسٹری ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اِدارہ جاتی شجرکاری کے تحت اِس طرح کی مہمات کے اِنعقاد کی کوششوں کو سراہا۔پی سی سی یف/ ڈائریکٹر سوشل فارسٹری ڈیپارٹمنٹ جے اینڈ کے روشن جگی نے محکمہ سوشل فارسٹری کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی ۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات نے رواں برس کے دوران جموں وکشمیر کے تمام اَضلاع میں 1.35 کروڑ پودے لگانے ، (84تالابوں) واٹر ہارویسٹنگ ڈھانچے اور چارہ بڑھانے کی سرگرمیاں 4,291 جی پی ایس میں شروع کرنے کا ہدف رکھا ہے ۔اِس موقعہ پر چیئرمین این جی او نظیر بن نظیر ، وِ پی پی سی ممبران ، پی آر آئی ، وائس چیئرمین ڈی ڈی سی سری نگر بلال احمد نے بھی اَپنے خیالا ت کا اِظہار کیا ۔ اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی کے گرین کور کو بڑھانے میں سوشل فارسٹری ڈیپارٹمنٹ کی کوششوں کی سراہنا کی۔










