سورج آگ اُگلنے لگا،ٹنل کے آرپار رات دن گرمی کی شدت میں اضافہ

سورج آگ اُگلنے لگا،ٹنل کے آرپار رات دن گرمی کی شدت میں اضافہ

سری نگر//جموںوکشمیرمیں گرمی کی شدت برقراررہنے کے بیچ بدھ کے روز بھی سری نگرسمیت پوری وادی میں دن کادرجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہاجبکہ جموں اورسانبہ میں جھلستی گرمی کے چلتے درجہ حرارت43ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈکیاگیا۔اس دوران شہر سری نگر سمیت کشمیر کے سبھی 10 اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات سے موسمی صورتحال میں تبدیلی کاامکان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ16جون کی دوپہر سے 19جون تک جموں وکشمیر کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ باقی علاقوںمیں بارش کی شدت کم ہوگی ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیرمیں جون کاجنون برقرارہے ،کیونکہ دن اوررات کے درجہ حرارت میں اضافہ جاری ہے ۔منگل اوربدھ کی درمیانی رات سری نگرسمیت پوری وادی میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہونے کے بعدبدھ کوپورے دن شدیدگرمی رہی ۔سہ پہر3بجے سے گرمی کی شدت بڑھنے لگی ،اورساڑھے تین بجے سری نگر میں درجہ حرارت31ڈگری سینٹی گریڈ،بارہمولہ میں31،اوڑی واننت ناگ میں 33،33ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا ۔اُدھر جموں اورسانبہ میں دن کے ساڑھے تین بجے آفتاب آگ اُگل رہاتھا ،اوران دونوں اضلاع میں درجہ حرارت 43،43ڈگری سے زیادہ تھا۔ادھر گرمائی دارلحکومت سری نگر میںمنگل اوربدھ کی درمیانی رات درجہ حرارت16.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت10.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں درجہ حرارت8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میںشبانہ درجہ حرارت12.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں درجہ حرارت13.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔دریں اثناء وادی کشمیر میں شدید گرمی کے بیچ محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس سے موجودہ گرمی کی لہر تھم جانے کا امکان ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم شام کو کہیں کہیں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 16 جون کی دو پہر سے 19 جون تک موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں جن سے گرمی کی موجودہ لہر تھم جانے کا امکان ہے۔