سوربھ بھگت نے لال منڈی سری نگر میں سب ریجنل سائنس سینٹرکے جاری تعمیراتی کاموں کا معائینہ کیا

جموں//کمشنر سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سوربھ بھگت نے آج لال منڈی سری نگر میں سب ریجنل سائنس سینٹر کے جاری تعمیراتی کاموں کا معائینہ کیا۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ جے کے سائنس، ٹیکنالوجی اورانوویشن کونسل، محکمہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی لال منڈی سری نگر میں نیشنل کونسل فار سائنس میوزیم (این سی ایس ایم) مرکزی وزارت ثقافت کے تعاون سے سب ریجنل سائنس سینٹر قائم کر رہی ہے جس کی تخمینہ لاگت 20 کروڑ روپے ہے۔ سینٹرکا بنیادی مقصد سرگرمی پر مبنی سیکھنے کا ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ جستجو کا جذبہ پیدا کیا جا سکے، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے اور مجموعی طور پر کمیونٹی میں سائنسی مزاج پیدا کیا جا سکے۔ سینٹر کو اس کے مواصلات کے دو چینلوں، نمائشوں اور سرگرمیوں کے لحاظ سے درجہ بندی کیا گیا ہے۔سوربھ بھگت نے سینٹرکے مقام کا معائینہ کیا اور وہاں تعمیراتی کاموںکا جائزہ لیا۔ اِس موقعہ پر محکمہ آر اینڈ بی کے افسران بشمول چیف انجینئر، آر اینڈ بی، سری نگر، سپرنٹنڈنٹ انجینئر، ایگزیکٹیو انجینئر، محکمہ ریونیو کے افسران بشمول سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور تحصیلدار، جے کے سائنس، ٹیکنالوجی اور انوویشن کونسل کے افسران بشمول ایڈیشنل ڈائریکٹر، جوائنٹ ڈائریکٹر، ایگزیکٹیو انجینئر بھی موجود تھے۔کمشنرسیکرٹری نے چیف انجینئر، آر اینڈ بی کو موقعہ پر ہدایات جاری کیں کہ وہ اس اہم منصوبے کو مارچ 2024ء سے قبل مکمل کر یں۔ اُنہوں نے اِنفارمیشن ڈسمینیشن سینٹر کے قیام پر تعمیراتی کام شروع کرنے کی بھی ہدایت دی جس کی کل لاگت 3 کروڑ روپے پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔ اِنفارمیشن ڈسمینیشن سینٹر جموںوکشمیر یوٹی کے ابھرتے ہوئے اختراع کاروں کے لئے انکیوبیشن کی سہولیات فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ محققین اور اختراع کاروں کے لئے رہائش اور رہائشی سہولیات فراہم کرے گا۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو اس جگہ نمائشی سٹال کی ترقی پر بھی زور دیا تاکہ جے کے ایس ٹی اینڈ آئی سی کو نمائشوں اور متعلقہ تقریبات کے اِنعقاد میں سہولیت فراہم کی جاسکے۔چیف اِنجینئر آر اینڈ بی نے کمشنر سیکرٹری کو آئندہ سائنس سینٹر کے مختلف پیرا میٹروں کے بارے میں جانکاری دی۔