آنجہانی کی جلائی مشعلِ حق کو فروزاں رکھاجائے گا: چیئرمینEJCC اعجازاحمدخان
سری نگر//جموں وکشمیرمیں ٹریڈ یونین تحریک کے بانی آنجہانی سمپت پرکاش کے انتقال کوناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے سینئر ٹریڈیونین لیڈر اعجا زاحمد خان نے کہاکہ آنجہانی سمپت پرکاش جی اور مرحوم عبدالمجید خان کی جلائی مشعل کو ہر دم فروزاں رکھنے کی کوشش جاری رہے گی ۔جے کے این ایس کوموصولہ بیان میں ملازم انجمنوں کے مشترکہ پلیٹ فارم EJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے کہاکہ 60کی دہائی میں آنجہانی سمپت پرکاش اور مرحوم عبدالمجید خان نے مل کر جموں وکشمیرمیں اسوقت ٹریڈیونین تحریک کی بنیاد ڈالی ،جب یہاں محنت کشوں اور مزدوروں کاکوئی پُرسان حال نہیں تھا۔انہوںنے کہاکہ دونوں مرحوم لیڈران نے باہمی اتفاق اور مشاورت سے جموں وکشمیر کے سرکاری ملازمین کو اپنے حق کیلئے آوازبلند کرنے کی ترغیب دی ،اوراس مقصد کیلئے دونوں ٹریڈیونین رہنمائوںنے ملازمین کو متحد اور منظم کیا ۔اعجاز احمدخان نے کہاکہ آنجہانی سمپت پرکاش کی ٹریڈیونین جدوجہد 6دہائیوں سے زیادہ عرصہ پر محیط رہی اوراس دوران انہوںنے جیلیں بھی کاٹیں ،اور دیگر مظالم وزیادتیوں کاسامنا بھی کیا ۔انہوںنے کہاکہ وقت کے حکمران اپنے تمام تر حربوںکے باوجود نہ تو ٹریڈیونین تحریک کو ختم کرسکے اور نہ ہی آنجہانی سمپت پرکاش جیسے پُرخلوص اور پُرجوش لیڈران کی آوازِحق کو دباسکے۔EJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے کہاکہ کچھ سال قبل عبدالجمیدخان صاحب کے انتقال سے ٹریڈیونین تحریک میں ایک بڑا خلا پیداہواتھا،اوراب ٹریڈ یونین تحریک کے بانی آنجہانی سمپت پرکاش کا انتقال تحریک کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔انہوںنے تاہم اس عزم کااظہار کیاکہ آنجہانی سمپت پرکاش جی اور مرحوم عبدالمجید خان کی جلائی حق کی مشعل کو ہر دم فروزاں رکھنے کی کوشش جاری رہے گی۔اعجاز احمدخان نے سمپت پرکاش کے لواحقین کیساتھ ہمدردی اور تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایسے دیدہ ور کے وارثان ہونے پر انکے افرادخانہ کوفخر رہے گا۔










