دوران شب نفری تعینات،پڑامن انعقاد کا کریڈٹ عوام کے سر
سری نگر//ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون وجے کمار نے ہفتہ کو کہا کہ عاشورہ کے جلوس کیلئے فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا گیا تھا جو بوٹہ کدل علاقے سے شروع ہوا اور امام باڑہ زڈی بل سری نگر پر اختتام پذیر ہوگا۔جے کے این ایس کے مطابق نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اے ڈی جی پی کمار نے کہا کہ عاشورہ جلوس کے پرامن انعقاد کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، جس میں شیعہ عزادار بوٹہ کدل علاقے سے امام باڑزڈی بل تک ذوالجناح کا جلوس نکال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے مطابق پولیس اہلکاروں تعیناتی کو یقینی بنانے کیلئے آدھی رات سے افسران کو زمین پر تعینات کر دیا گیا تھا۔سینئر پولیس آفیسر کاکہناتھاکہ ایک طویل وقفے کے بعد تاریخی جلوس کی اجازت دینا کشمیر میں تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اس طرح کی تقریبات کیلئے سیکورٹی فراہم کرتی ہے لیکن آخری کریڈٹ عوام کو جاتا ہے۔ اے ڈی جی پی نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد نے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پر انتظامیہ شیعہ برادری کے اتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وقت کی اہم ضرورت ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے پیغام کو عام کیا جائے۔










