سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سفر کرنیوالے یاتریوں اور سیاحوں کی گاڑیوں کیلئے ایڈوائزری جاری

دوپہر2 بجے کے بعد کشمیر کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگیـ:ٹریفک پولیس

سری نگر//جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے یاتریوں اور سیاحوں کیلئے اتوار کو ایک ایڈوائزری جاری کی۔جے کے این ایس کے مطابق جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ یاترایوںیا سیاحوں کی کسی بھی گاڑی کو دوپہر2 بجے کے بعد بانہال ، قاضی کنڈ (نیویگ) سرنگ کو کشمیر کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹریفک پولیس کی جاری ایڈوائزری میں مزید لکھاہے کہ پہلگام سے کسی بھی یاترا یا سیاحتی گاڑی کو سہ پہر 3 بجے کے بعد جموں کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی،اوراسی طرح سونہ مرگ سے سری نگر تک دوپہر3 بجے کے بعد کسی یاترا یا سیاحتی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور شام 5 بجے کے بعد گلمرگ سے سری نگر تک کسی یاترا یا سیاحتی گاڑی کی اجازت نہیں ہوگی۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ یاتریوں اور سیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ وادی کشمیر میں صبح7 بجے سے شام6 بجے تک سفر کریں اور اس کے مطابق منصوبہ بندی کریں تاکہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنی منزل تک پہنچ جائیں۔سری نگر جانے والے امرناتھ یاتریوں کے روزانہ کے قافلوں کے علاوہ سیاحوں کی گاڑیوں کیلئے کٹ آف کے اوقات جموں سے صبح 11 بجے، جکھنی، ادھم پور سے دوپہر، چندر کوٹ، رام بن سے دوپہر ایک بجے اور لمبر، بانہال سے دوپہر2 بجے مقرر کیے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری میں کہا ہے کہ ہر روز شام 6بجے آر او پی واپس لینے کے بعد یاتریوں اور سیاحوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ پولیس، ٹریفک پولیس اور سیکورٹی فورسز ایسی گاڑیوں کو قریب ترین یاتری یا سیکورٹی فورسز کے کیمپوں تک لے آئیں۔