سامان کی تلاشی وجانچ کیلئے نصب مشینوں کی تعداد10ہوگئی:ڈائریکٹر
سری نگر// ائیرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ڈراپ گیٹ پر سامان کی تلاشی کیلئے مزید3 ایکسرے مشینیں نصب کی ہیں جس سے کلیئرنس کے وقت میں کافی حد تک کمی آئے گی۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر کی طرف سے جاری ایک بیان میں اتوارکو کہا گیا ہے کہ ہوائی اڈے کے ڈراپ گیٹ پرمسافروں کے سامان کی تلاشی کیلئے مزید 3ایکسرے مشینوں کی تنصیب کی گئی ہیں، جو سامان کی جانچ کیلئے متعلقہ بنیادی ڈھانچے سے لیس ہیں۔ڈائریکٹر موصوف نے کہاکہ اس طرح سے ہوائی اڈے کے ڈراپ گیٹ پر سامان کی تلاشی وجانچ کیلئے نصب مشینوں کی تعداد10 ہو جائے گی۔انہوںنے کہاکہ اس اقدام سے سامان اور مسافر گاڑیوں کو تیزی سے کلیئر کرنے میں مدد ملے گی۔بیان میں مزید کہاگیاہے کہ مزید3 ایکسرے مشینیں نصب کرنے سے اس ائرپورٹ کے ڈراپ گیٹ سے پہلے قطاروں میں گاڑیوں کی نقل و حرکت میں بھی اضافہ ہوگا اور پروسیسنگ کے وقت میں کافی حد تک کمی آئے گی۔خیال رہے سری نگر ہوائی اڈہ ملک کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔










