15نومبر تک موسم خشک رہنے کا امکان: محکمہ موسمیات
سرینگر // وادی کشمیر میں دن میں دھوپ کھلی رہتی ہے تاہم رات کوسردی میں اضافہ ہورہاہے اور سرینگر میں رواں موسم کی سرد ترین رات میں کم سے کم درجہ حرارت 1.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔ کے این ایس کے مطابق سری نگر میں پیر اور منگل کی درمیانی شب اب تک کی سرد ترین رات تھی جہاں کم سے کم درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سرینگر میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج کی گئی۔مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔جنوبی کشمیر کے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 15 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں منفی 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔دریں اثنا وادی میں منگل کے روز بھی موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔










