اودھمپور سرینگر ریل منصوبہ حتمی مرحلے میں داخل، ٹرائل 26جنوری کے بعد
سرینگر//سرینگر بانہال کے درمیان خصوصی ریل شروع کی گئی ہے تاکہ مسافروں کو بھیڑ کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ادھر سرینگر اودھمپور منصوبہ آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور26جنوری کے بعد ٹریک پر ٹرائل شروع کی جائے گی ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق سرینگر بانہال کے مابین چلنے والی ریل گاڑیوں میں بھیڑ کو کم کرنے اور مسافروں کوراحت پہنچانے کیلئے کشمیر ریلوے نے جمعہ سے خصوصی ٹرین شروع کی ہے جس میں سرینگر سے بانہال تک صرف سٹیشنوں پر روکا جائے گا۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ ریلوے نے بڈگام ، بانہال کے درمیان خصوصی ٹرین نمبر 04688/04687 چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔اس ضمن میں یہ ریل گاڑی بڈگام اور بانہال – بڈگام اسپیشل ٹرین شروع کی جاچکی ہے ۔04688 بڈگام – بانہال اسپیشل ٹرین مورخہ آج سے 19.01.2024سے 31.03.2024 تک بڈگام سے صبح 09.10 بجے روانہ ہو کر اسی دن سفر کے وقت صبح 11.05 بجے بانہال پہنچے گی۔تاہم واپسی کی سمت میں 04687 بانہال-بڈگام خصوصی ٹرین مورخہ 19.01.2024سے31.03.2024 تک شام 04.50 بجے بانہال سے روانہ ہوگی اور اسی دن شام 06.35 بجے بڈگام پہنچے گی۔ دریں اثناء 04688/04687 بڈگام – بانہال – بڈگام اسپیشل ٹرین راستے میں دونوں سمتوں میں سری نگر، اونتی پورہ، اننت ناگ اور قاضی گنڈ اسٹیشنوں پر رکے گی۔ریلوے ذرائع کے مطابق سرینگر اودھمپور کے درمیان ریل منصوبہ آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور غالب امکان ہے کہ 26جنوری کے بعد اس کی مشق شروع کی جائے گی اور ماہ فروری کے وسط میں باضابطہ طور پر سرینگر اودھمپور ریل شروع ہوجائے گی جس کا افتتاح ممکنہ طور پر وزیر اعظم کے ہاتھوں ہوگا۔










