ITBPاہلکارکی ساتھیوں پر فائرنگ ،خودکشی کرلی ،3اہلکار زخمی ، کورٹ آف انکوائری کا حکم
جموں//چوبیس گھنٹوںمیں برادر کشی کے دوسرے واقعے میں ایک فورسز اہلکار نے خودکشی کرنے سے پہلے 3ساتھیوں کو گولی مار دی۔خیال رہے ایساہی ایک واقعہ جمعے کے روز سرنکوٹ پونچھ میں رونما ہوا تھا،جس دوران ٹریٹوریل آرمی کی156ویں بٹالین کے2اہلکار ہلاک اور2دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔جے کے این ایس کیمطابق جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع میں قائم ’ انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی)‘کے ایک کیمپ میں تعینات ایک جوان نے ہفتہ کو اپنے 3 ساتھیوں پر گولی چلانے کے بعد خود کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ ضلع اودھم پور کے دیویکا گھاٹ کمیونٹی سینٹر میں سنیچر کوسہ پہر تقریباًساڑھے3 بجے پیش آیا۔آئی ٹی بی پی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ کانسٹیبل بھوپیندر سنگھ نے اپنے3 ساتھیوں پر گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں ایک ہیڈ کانسٹیبل اور2 کانسٹیبل گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ تینوںہسپتال میں داخل ہیں، اور خطرے سے باہر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کانسٹیبل سنگھ نے بعد میں انساس سروس رائفل سے خود کو گولی مار لی اور اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔افسر نے بتایاکہ مہلوک اہلکار اورزخمی ہونے والے تینوں اہلکاروں کا تعلق فورس کی 8ویں بٹالین سے تھا اور اس وقت اسے جموں و کشمیر میں سیکورٹی ڈیوٹی کے لیے تعینات آئی ٹی بی پی کی دوسری ایڈہاک بٹالین کی’ایف‘کمپنی میں تعینات کیا گیا تھا۔افسرنے بتایا کہ سرحدی محافظ فورس کی طرف سے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔










