بڈگام//سیکرٹری اَمورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ سرمد حفیظ نے آج چاڈورہ بڈگام کا دورہ کیا اور حکومت کے عوامی رَسائی اور شکایات اَزالے پروگرام کے تحت ایک عوامی دربار کی صدارت کی۔کیمپ میں چاڈورہ ، بی کے پورہ، لولی پورہ، سوگام، ناگام، گوہر پورہ، واتھورہ، بٹ پورہ اور دیگر علاقوں اور بلاکوں کے عوامی وفود نے شرکت کی اور اَپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں۔سیکرٹری نے عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہیں یقین دِلایا کہ تمام حقیقی مطالبات اور شکایات کو متعلقہ حلقوں کے ساتھ مناسب کارروائی کے لئے اُٹھایا جائے گا۔ انہوں نے عوام کو اِن عوامی رَسای پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔سرمد حفیظ نے اَفسروں پر زور دیا کہ وہ اَپنے محکموں کی سکیموں کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں تاکہ وہ اِن سکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھا سکیں۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اَکشے لابرو نے ان پروگراموں کے بنیادی مقصد کے بارے میں بتایا اور ضلع کا مجموعی ترقیاتی منظر نامہ بھی پیش کیا۔عوامی دربار میں ضلعی اِنتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے علاوہ سرکردہ شہریوں اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔










