بانڈی پورہ//سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ جو کہ ضلع بانڈی پورہ کے مینٹور سیکرٹری بھی ہیں نے بانڈی پورہ کا دورہ کیا اور سنبل میں عوامی مسائل اور شکایات کا جائیزہ لینے کیلئے ڈاک بنگلہ سنبل میں پبلک آؤٹ ریچ پروگرام /عوامی دربار کی صدارت کی ۔ اپنی آمد پر سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کے ہمراہ سٹالز کا معائینہ کیا جس میں بے روز گار نوجوانوں کو فراہم کی گئی مختلف اسکیموں اور عام عوام کی معاشی ترقی کیلئے مختلف محکموں کے اقدامات کی نمائش کی گئی ۔ اس کے بعد سیکرٹری موصوف نے ڈاک بنگلو سنبل میں شکایات کے ازالے کے کیمپ /عوامی دربار کی صدارت کی جس میں ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ، عوامی نمائندوں بشمول ڈی ڈی سی ممبران ، مختلف سیٹیزن فورمز ، ٹریڈرز فیڈریشنز اور عام لوگوں کے بڑے اجتماع کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور سب ڈویژنل کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔ پروگرام کے دوران ڈی ڈی سی ممبران ، سیٹیزن فورمز کے نمائندوں ، تاجروں اور عام لوگوں نے اپنے علاقوں سے متعلق مختلف مسائل اور مطالبات پیش کئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرمد حفیظ نے حقیقی شکایات کو کم سے کم وقت میں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن مسائل کو حکومتی سطح پر مداخلت کی ضرورت ہے وہ متعلقہ انتظامی محکموں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ عام لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے اور لوگوں /نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مختلف سرکاری اسکیموں کا فائدہ اٹھائیں ۔










