سری نگر//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، ٹرانسپورٹ ، سائنس و ٹیکنالوجی ستیش شرمانے شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے مقصد سے آج منیجنگ ڈائریکٹرروڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (آر ٹی سی) ہیڈکوارٹر اور ڈائر یکٹر فوڈ، سول سپلائز اینڈ کنزیومر افیئرز کشمیر کے دفاترکا اچانک معائینہ کیا۔اُنہوںنے دورے کے دوران عملی اور اِنتظامی ریکارڈز کا بغور جائزہ لیا تاکہ حکومتی اصولوں کی پاسداری اور خدمات کی فراہمی میں مؤثریت کا جائزہ لیا جا سکے۔ اُنہوں نے موقعہ پر موجود عملے سے روبرو گفتگو بھی کی، ان کے رول، درپیش چیلنجوں اور بہتری کے لئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔آر ٹی سی دفتر میں موجود اَفسران نے وزیر کو اِدارے کی اہم سرگرمیوں، جاری منصوبوں اور سروس میں بہتری کے اَقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔ وزیر موصوف نے یقین دہانی کی کہ حکومت آر ٹی سی کی جدید کاری اور ریاست بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لئے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔ڈائریکٹر خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین کشمیر کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر کو خوراک کی فراہمی اور دیگرسول سپلائی خدمات کی بغیر کسی پریشانی کے فراہمی سے متعلق محکمانہ سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔وزیر شرما نے کہا ،’’ آج کے دورے کا مقصد زمینی حقائق کوجاننا اوریہ یقینی بنانا تھا کہ محکمے لوگوں کے بہترین مفاد میں مؤثر اَنداز میں کام کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جوابدہی کے کلچر کو برقرار رکھنا ضروری ہے اور میں عملے کے تعاون اور لگن کی ستائش کرتا ہوں۔‘‘










