ستیش شرما نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بلاک سموان اور کھڑہ بلی میں ضروری اشیاء کی فراہمی کا جائزہ لیا

جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ،اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے بلاک سموان اور کھڑہ بلی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اِس دوران اُنہوں نے بٹل، ڈکھڑاور جوگون پنچایتوں کا دورہ کیا تاکہ حالیہ سیلاب کی صورتِ حال کا جائزہ لیا جا سکے اور ضروری اشیأ کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر موصوف نے دورے کے دوران مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور اُنہیں یقین دِلایا کہ حکومت ان مشکل حالات میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین اور دیگر متعلقہ محکموں کے اَفسران کو ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں میں راشن، رسوئی گیس ،تیل خاکی اور دیگر روزمرہ کی ضروری اشیأکا مناسب سٹاک بلا تاخیر دستیاب کیا جائے۔اُنہوں نے اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ایک فعال حکمت عملی اَپنائیں کیوں کہ شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے رابطہ اورٹرانسپورٹیشن میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ اُنہوں نے زور دیا کہ نچلے اور حساس علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے جہاں ہنگامی حالات میںسامان تک رَسائی اکثر مشکل ہو جاتی ہے۔ستیش شرما نے اِمدادی سامان کی تقسیم کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ اِمداد کی بروقت تقسیم کو یقینی بنایا جائے بالخصوص اُن کنبوںکو ترجیح دی جائے جو سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ سرکاری مشینری کو ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل تیار رہنا چاہیے اور اس کے لئے سول اِنتظامیہ، فیلڈ افسران اور مقامی نمائندوں کے درمیان قریبی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔اِس موقعہ پروزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’حالیہ سیلاب نے عوام کے لئے بے حد مشکلات پیدا کی ہیں لیکن حکومت ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہماری اوّلین ترجیح ہے کہ کسی بھی گھرانے کو ضروری اشیأ کی عدم دستیابی کی وجہ سے تکلیف نہ ہو۔ تمام محکمے باہمی ہم آہنگی سے کام کریں تاکہ فوری ریلیف اور طویل مدتی حل فراہم کیا جاسکے۔‘‘وزیر موصوف نے یہ بھی یقین دہانی کی کہ مستقبل میں ایسے حالات سے نمٹنے کے لئے سیلاب سے متاثرہ اور دُور دراز علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور ذخیرہ کرنے کی سہولیات کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔وزیرستیش شرما کے ہمراہ اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران بھی تھے جنہوں نے اَب تک کئے گئے اقدامات اور معمولات کی بحالی کے لئے جاری کوششوں کے بارے میں بتایا۔