dooran

ستیش شرما نے جموں میں بی ایس ایف شہدأ کو خراجِ عقیدت پیش کیا

جموں// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات واَمورِ صارفین اور ٹرانسپورٹ ستیش شرما نے آج جموں کے پالورا کیمپ میں بی ایس ایف فرنٹیئر ہیڈکوارٹرز شہید سمارک میں ایک پُر وقار تقریب کے دوران بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔یہ تقریب کانسٹیبل دیپک چنگاکھم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقد کی گئی جس نے 11؍ مئی 2025ء کو آر ایس پورہ جموں سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر دشمن کی بلا اِشتعال فائرنگ کے دوران اَپنی جان قربان کردی تھی۔ وزیر موصوف نے بی ایس ایف کے سینئر اَفسران اور دیگر معززین کے ساتھ شہدأکی یادگار پر گل دائرے چڑھائے اور اُن کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرنے کے لئے خاموشی اِختیار کی۔اِس سے قبل ستیش شرما نے بی ایس ایف کے ایک اور بہادر آفیسر سب اِنسپکٹر محمد امتیاز کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جس نے مادرِ وطن کے دفاع میں اَپنی جان قربان کی۔وزیر ستیشن شرما نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم اُن بہادر وں کی مقروض ہے جن کی ہمت،جرأت اور لگن ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے۔ اُن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ بنیں گے۔خراجِ عقیدت کی تقریب میں بی ایس ایف کے جوانوں ، سول اور پولیس حکام ، شہید فوجیوں کے اہل خانہ اور مقامی لوگوں نے شرکت کی اور قوم کے محافظوں کا شکریہ اَدا کیا۔