پہلگام حملے میں ہوئے زخمیوں کی عیادت کی
اننت ناگ//وزیر برائے ٹرانسپورٹ، خوراک، شہری رسدات اور اَمورصارفین ستیش شرما،رُکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد اور ممبر قانون ساز اسمبلی اننت ناگ ویسٹ عبدالمجید بٹ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ کا دورہ کیا تاکہ حالیہ پہلگام میں پیش آئے المناک وافسوسناک واقعے میں زخمی ہوئے اَفراد کی عیادت کی جا سکے۔اِس اہم دورے کا مقصد زخمیوں کی طبی حالت کا جائزہ لینا، ہسپتال میں دستیاب سہولیات کا معائینہ کرنا اور جاری علاج معالجے کا مشاہدہ کرنا تھا۔وزیر اور رُکن پارلیمنٹ کے پہنچنے پر میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ جی ایم سی اننت ناگ اور دیگر سینئر اِنتظامی و طبی عملے نے ان کا اِستقبال کیا۔ اُنہیں واقعے کے بعد کی ایمرجنسی ردِّعمل ، زخمی مریضوں کی صحت کی موجودہ حالت اور متاثرین و اُن کے اہلِ خانہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔وزیر اور رُکن پارلیمنٹ نے ہسپتال میں داخل ہر زخمی مریض کی عیادت کی ، ان اور اُن کے اہل خانہ سے بات چیت کر کے دِلی ہمدردی اور تسلی دی۔ وزیرموصوف نے کہا،’’ہم متاثرین اور اُن کے اہلِ خانہ کو یقین دِلاتے ہیں کہ حکومت ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔‘‘اُنہوں نے طبی عملے کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔ وزیر نے مزید کہا،’’زخمیوں کو تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اُن کے علاج میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں چھوڑا جائے گا۔‘‘اُنہوں نے اس حملے کو بزدلانہ اور غیر اِنسانی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی۔ وزیرموصوف نے کہا،’’یہ دہشت گردوں کے لئے واضح پیغام ہے ۔ ہم بے گناہوں کے خون کو برداشت نہیں کریں گے۔ ہم خاموشی سے نہیں بلکہ قوت کے ساتھ جواب دیں گے۔ حملہ کرنے والوں کو تلاش کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔‘‘یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ پہلگام میں دہشت گرد حملے کے بعد متعدد زخمی اَفراد کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں داخل کیا گیا ہے جہاں سینئر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔










