جموں//وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 2018-19ء میں کھیلو اِنڈیا سکیم کے تحت منظور شدہ چار پروجیکٹوںکے لئے 14.75 کروڑ روپے جاری کئے ہیں جن میں سے 13.67 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔وزیر موصوف ایوان میں آج رُکن اسمبلی شیخ خورشید احمد کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ ان چار پروجیکٹوںمیں سے دو مکمل ہو چکے ہیں اور فعال ہیں جبکہ دو پروجیکٹ ابھی زیر تکمیل ہیں۔وزیراَمورِ نوجوان و کھیل کود نے بتایا کہ منظور شدہ پروجیکٹوں میں پولو گراؤنڈ سری نگر میں 533.61 لاکھ روپے کی لاگت سے سنتھیٹک ہاکی ٹرف کی تعمیر مکمل، کے کے ہکو سٹیڈیم جموں میں 539.78 لاکھ روپے کی لاگت سے سنتھیٹک ہاکی ٹرف کی تعمیر مکمل، تولی بل سوپور بارہمولہ میں سنتھیٹک ایتھلیٹک ٹریک کی تعمیر جاری ہے اور شالینار بڈگام میں 294.11 لاکھ روپے کی لاگت سے اِنڈور سپورٹس ہال کی تعمیر جاری ہے۔اُنہوں نے وضاحت کی کہ کھیلو اِنڈیا سکیم ایک مرکزی معاونت والی سکیم ہے جو ریاستی سطح پر دی جاتی ہے اور کسی مخصوص اِنتخابی حلقے کے لئے نہیں ہوتی۔وزیر موصوف نے کہا کہ لنگیٹ حلقہ میں کھیلو اِنڈیا سکیم کے تحت کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے کوئی منصوبہ منظور نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم کیپکس کے تحت 191.25 لاکھ روپے کی رقم سے مختلف کھیل میدان تیار کئے گئے ہیں جن میں پنڈت پورہ لنگیٹ میں 85.02 لاکھ روپے، اشپورہ میں 23.13 لاکھ روپے کا پلے فیلڈ، کٹلاری ماور میں 11.96 لاکھ روپے کا کھیل میدان، کولنگام میں 12.00 لاکھ روپے کا فٹ بال گرائونڈ، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول میں 39.14 لاکھ روپے کی رول سکیٹنگ شامل ہے۔ اِس کے علاوہ کولنگام میں 20 لاکھ روپے کی لاگت سے اوپن ایئر جم پر بھی کام جاری ہے۔










