fire

سال رواں کے پہلے سا ت دنوں میں وادی میں کل ملا کر آتشزدگی کے 41واقعات ریکارڈ

9واقعات کے ساتھ سرینگر سر فہرست ، آگ بجھانے کے دوران نصف درج اہلکار بھی زخمی

سرینگر // سال رواں کے پہلے سا ت دنوں میں وادی کشمیر میں کل ملا کر آتشزدگی کے 41واقعات درج ہوئے جن میں سرینگر میں 9معاملات پیش آئے ۔ آگ کے بڑھتے واقعات کے بیچ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے کہا کہ گرمی دینے والے آلات کا زیادہ استعمال آگ لگنے کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ خریداری کرتے وقت آلات کی کوالٹی چیک نہیں کرتے۔ معیار اور برانڈ کی جانچ کرنا ضروری ہے اور رات کو سوتے وقت ان آلات کو بند کرنا لازمی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں آتشزدگی کے بڑھتے واقعات کے بیچ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ سال 2025 کے پہلے سات دنوں میں پورے کشمیر میں آگ لگنے کے کل 41 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 9 واقعات سرینگر سے ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کشمیر انجینئر عاقب حسین میر نے میڈیا کو بتایا کہ کشمیر میں سال 2025 کے پہلے ہفتے میں آتشزدگی کے 41 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ سرینگر میں صرف 9 واقعات رپورٹ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ گرمی دینے کے آلات کا زیادہ استعمال اس کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ خریداری کرتے وقت آلات کی کوالٹی چیک نہیں کرتے۔ معیار اور برانڈ کی جانچ کرنا ضروری ہے اور رات کو سوتے وقت ان آلات کو بند کرنا اور معیاری حرارتی مصنوعات کے استعمال کو یقینی بنانا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سال 2022 میں محکمہ کو آگ سے آگاہی کے پروگراموں میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا ’’ سال 2024میں ہم نے 4ہزار سے زیادہ بیداری پروگراموں کا انعقاد کیا‘‘ ۔ چیلنجز کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے وضاحت کی اور کہا ’’ ہمارے چیلنجز کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب ہمیں کال موصول ہوتی ہے۔ ہم اندازہ لگاتے ہیں کہ کتنے ڈھانچے اس میں شامل ہیں اور کیا علاقہ بھیڑ ہے۔ سب سے بڑا مسئلہ سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں ہیں، جو رسائی میں رکاوٹ ہیں۔ لوگوں کا تعاون بہت ضروری ہے۔ انہیں غلط پارکنگ سے گریز کرنا چاہیے‘‘۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لکڑی کے ڈھانچے اور پینلنگ عمارتوں کو آتشزدگی کے واقعات میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کا بہت زیادہ خطرہ بناتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا’’میں لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ بجھانے والے آلات استعمال کریں، کیونکہ فائر سروسز کے آنے تک آگ پر قابو پانے کیلئے سب سے پہلے عوام ہیں‘‘۔