سیاحوں کی بڑھتی تعداد سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا / وی کے سکسینہ

سال رواں کے دوران لداخ سیاحوں کی بڑھتی پسند

سیاحوں کی بڑھتی تعداد سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا / وی کے سکسینہ

سرینگر / این این بی // لداخ میں مسلسل چھٹے مہینے سیاحوں کی آمد میں غیر معمولی اضافہ درج کی گئی ہے جس دوران حکام کے مطابق سال 2026 کے دوران مختلف مہینوں میں سیاحوں کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو خطے میں سیاحت کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق لداخ میں سال 2026 کے پہلے دس ماہ کے دوران سیاحوں کی آمد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 65.90 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس مدت کے دوران مجموعی طور پر 4.91 لاکھ سیاحوں نے لداخ کا رخ کیا، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران یہ تعداد 2.96 لاکھ تھی۔ لداخ کے لیفٹنٹ گورنر وی کے سکسینہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے سیاحتی اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے کہا کہ لداخ میں مسلسل چھٹے مہینے سیاحوں کی آمد میں غیر معمولی اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق سال 2026 کے دوران مختلف مہینوں میں سیاحوں کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو خطے میں سیاحت کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مئی 2026 میں سیاحوں کی آمد میں 121 فیصد، جون میں 43 فیصد، جولائی میں 56 فیصد، اگست میں 65 فیصد اور ستمبر میں 61 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس طرح سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے کا سلسلہ مسلسل جاری رہا اور اکتوبر کے مہینے میں بھی اس رجحان میں مزید تیزی دیکھنے کو ملی۔لیفٹنٹ گورنر کے مطابق اکتوبر 2026 میں مجموعی طور پر 30623سیاح لداخ پہنچے، جبکہ گزشتہ سال اکتوبر کے دوران یہ تعداد 17537تھی۔ اس طرح اکتوبر میں سیاحوں کی آمد میں 74.62 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ لداخ میں سیاحت کے شعبے میں اس ترقی کے پیچھے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ملکی سیاحت کو فروغ دینے کی اپیل اور ان کی انتظامیہ کی طرف سے مقامی سیاحتی صنعت کو مستحکم بنانے کے لیے اختیار کیے گئے مختلف پالیسی اقدامات اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے نہ صرف لداخ کی سیاحتی صنعت کو فروغ حاصل ہو رہا ہے بلکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ہوٹلوں، گیسٹ ہاو ¿سز، ٹرانسپورٹ، مقامی کاروبار، دستکاری اور دیگر متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد کو بھی معاشی فائدہ پہنچ رہا ہے۔لیفٹنٹ گورنر نے مزید کہا کہ سیاحت میں اضافے کے ساتھ مقامی آبادی کے لیے پائیدار ذریعہ معاش کے امکانات بھی وسیع ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سیاحوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ لداخ کے قدرتی حسن، منفرد ثقافت اور روایتی ورثے سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ذمہ دارانہ سیاحت کو بھی فروغ دیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیاحتی سرگرمیوں میں یہ مثبت رجحان آئندہ بھی برقرار رہے گا اور لداخ کو ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر مزید ترقی دینے میں مدد ملے گی۔