yatra in kashmri

سالانہ امرناتھ یاترا:2023

پہلے دن 7900یاتریوں نے کیاشیولنگم کا درشن ،اتوارکو مزید5000سے زیادہ یاتری درشن کیلئے روانہ

سری نگر//62روزہ سالانہ امرناتھ یاترا2023کے پہلے دن سطح سمندر سے3880میٹر کی بلندی پر واقع امرناتھ گھپامیں 7900یاتریوں نے درشن کیا۔اس دوران اتوار کے روزبال تل اور نون ون سے مزید5000سے زیادہ یاتری بیس کیمپوں سے امرناتھ گھپاکی جانب روانہ ہوئے جبکہ 4903یاتریوں کا تیسرا قافلہ135سے زیادہ گاڑیوںمیں پختہ سیکورٹی انتظامات کیساتھ بھگوتی نگر جموں سے بال تل اور نون ون پہلگام کی جانب روانہ ہوئے اور اتوار کی سہ پہرتک یہ یاتری منزلوں تک پہنچ جائیں گے ۔اس طرح سے30 جون سے اب تک جموںسے کل 12807 یاتری جموں سے کشمیر پہنچے ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق سالانہ امرناتھ یاترا میں شامل یاتریوںکی بیس کیمپوں سے امرناتھ گھپا روانگی اور جموں سے بیس کیمپوں تک سفرکاسلسلہ جاری ہے ۔حکام نے بتایاکہ 62روزہ سالانہ امرناتھ یاترا2023کے پہلے دن سطح سمندر سے3880میٹر کی بلندی پر واقع امرناتھ گھپامیں 7900یاتریوں نے درشن کیا۔انہوںنے بتایاکہ ہفتہ کو5600یاتری بال تل اور نون ون پہلگام کے راستے امرناتھ گھپا کی جانب روانہ ہوئے تھے جبکہ 2300یاتری ہیلی کاپٹروںمیں یہاں پہنچے ۔حکام نے بتایاکہ پہلے روز دونوں راستوں پر سفر کرنے والے یاتریوںکوکسی بھی قسم کی دشواری یامشکل کاسامنا نہیں کرنا پڑا۔قابل ذکر ہے کہ بال تل سے امرناتھ گھپا تک کے روٹ کی مسافت تقریباً14کلومیٹر ہے جبکہ نون ون پہلگام سے گھپاتک کی مسافت لگ بھگ48کلومیٹر ہے ۔حکام نے بتایاکہ اتوار کے روزبال تل اور نون ون سے مزید5000سے زیادہ یاتری بیس کیمپوں سے امرناتھ گھپاکی جانب روانہ ہوئے،اور شام تک یہ سبھی یاتری منزل تک پہنچ جائیں گے ۔حکام نے بتایاکہ دونوں راستوں پر یاتریوںکی حفاظت اور سہولیت کیلئے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بال تل اور نون ون کے راستوں پر جگہ جگہ لنگر قائم کئے گئے ہیں اور ساتھ ہی یاتریوں کیلئے دیگرسہولیات بھی میسررکھی گئی ہیں تاکہ اُنھیں مقدس سفر کے دوران کسی بھی طرح کی مشکلات کاسامنا نہ کرنا پڑے ۔حکام نے مزید بتایاکہ اتوار کی صبح 4903یاتریوں کا تیسرا قافلہ 150سے زیادہ گاڑیوںمیں پختہ سیکورٹی انتظامات کیساتھ بھگوتی نگر جموں سے بال تل اور نون ون پہلگام کی جانب روانہ ہوئے اور اتوار کی سہ پہرتک یہ یاتری منزلوں تک پہنچ جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ اس طرح سے30 جون سے اب تک جموںسے کل 12807 یاتری جموں سے کشمیر پہنچے ہیں۔حکام نے بتایا کہ اتوارکی صبح 2557یاتری بشمول379 خواتین اور226 سادھو ، 104گاڑیوں میں بھگوتی نگرجموںیاتری نواس بیس کیمپ سے پہلگام کے لیے روانہ ہوئے، جب کہ 2346 یاتری131 گاڑیوں میں بال تل بیس کیمپ کے لئے صبح روانہ ہوئے۔انہوںنے بتایاکہ ابتک سالانہ امرناتھ یاترا کیلئے ساڑھے3 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے خود کو آن لائن رجسٹر کرایا ہے،اورامسال ریکارڈ5لاکھ سے زیادہ یاتریوں کی آمد کاامکان ہے ۔خیال رہے یکم جولائی 2023کو شروع ہونے والی62روزہ امرناتھ یاترا2023،31اگست2023کو اختتام پذیر ہوگی ۔