رام بن میں چوبیس گھنٹے ٹریفک کی نقل و حرکت کی نگرانی کیلئے کنٹرول روم قائم کیا گیا / ایس ایس پی نیشنل ہائی وے
سرینگر// سالانہ امرناتھ یاترا کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کیلئے سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی نگرانی اعلیٰ درجے کی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جائے گی کی بات کرتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک نیشنل ہائی وے روہت باسکوترا نے کہا کہ جموں کے رام بن ضلع میں چوبیس گھنٹے ٹریفک کی نقل و حرکت کی نگرانی کیلئے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔سی این آئی کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وئے روہت باسکوترا نے کہا کہ امرناتھ یاترا کے دوران ٹریفک کی نگرانی کیلئے ادھم پور سے بانہال تک مختلف اہم مقامات پر 10 اعلیٰ درجے کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کیمرے ادھم پور کے جکھانی علاقے، دلواس، خونی نالہ، میہڑ، بیٹری چشمہ، نچلانہ، بانہال چوک، ٹنل5، شالیگڑی اور کٹ پوائنٹ سمیت مقامات پر لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ ٹریفک نے رام بن ضلع کے ادھم پور سے بانہال تک 10 360 ڈگری سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں، جب کہ پولیس محکمہ نے گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور مشکوک افراد کی شناخت کیلئے ہائی وے کے ساتھ 60 کیمرے لگائے ہیں۔خیال رہے کہ امرناتھ شرائن بورڈ کے اعلان کے مطابق52 روزہ یاترا 29 جون کو شروع ہو کر 19 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ایس ایس پی نے کہا’’کنٹرول روم ہائی وے کی دن رات نگرانی کرتا ہے، جس سے بھیڑ، ٹریفک جام اور دیگر مسائل کے انتظام میں ہماری کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کیمرے حکمت عملی کے ساتھ ایسے مقامات پر لگائے گئے ہیں جہاں ٹریفک کی صورتحال خاص طور پر پریشانی کا باعث ہے اور حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔ٹریفک پولیس نے امرناتھ یاترا کے دوران ہائی وے پر ڈرائیوروں کیلئے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے، جس میں لین ڈرائیونگ پر زور دیا گیا ہے اور ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے کی وارننگ دی گئی ہے۔ گاڑی کے خراب ہونے کی صورت میں تکنیکی مدد کیلئے رابطہ نمبر بھی فراہم کیے گئے ہیں۔باسکوترا نے کہا’’سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ، اگر کوئی گاڑی خراب ہوتی ہے یا ٹریفک جام ہوتا ہے، تو یہ کنٹرول روم میں نظر آئے گا، جس سے پولیس ٹیم کو فوری جواب دینے کی اجازت ملے گی۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر ہموار ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے رام بن اور ادھم پور کی ٹریفک پولیس نے خصوصی تیاریاں کی ہیں، جو یاترا کے دوران ایک اہم چیلنج ہے۔










