ڈویژنل کمشنر جموں اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے لیاجائزہ
سری نگر//30جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر حکام نے ہفتہ کو یاتریوں کی حفاظت کویقینی بنانے کیلئے270 کلومیٹر طویل جموں،سری نگر قومی شاہراہ پر سیکورٹی اور دیگر انتظامات کی جائزہ لیا۔جے کے این ایس کے مطابق جموں کے ڈویڑنل کمشنر رمیش کمار اور پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مکیش سنگھ نے سنیچرکی صبح 20 سیکورٹی گاڑیوں کے ایک قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جموں سے بانہال تک یاترا کی سیکورٹی کیلئے ایک’آزمائشی سفر‘کیا۔عہدیداروں نے کہا کہ جموں، ادھم پور اور رام بن اضلاع کی طرف سے یاترا کیلئے کئے گئے سیکورٹی سمیت تمام انتظامات کا جموں ڈویڑن کے 2 سینئرسیول اور پولیس حکام نے ذاتی طور پر جائزہ لیا۔یاتریوں کی پہلا قافلہ بھگوتی نگر بیس کیمپ جموں سے ایک دن پہلے یعنی29جون کو یاترا کیلئے روانہ ہوگا اور یاتریوںکایہ پہلاقافلہ جموں سری نگر قومی شاہراہ سے گزر کر پہلگام اور بال تل میں اپنے متعلقہ بیس کیمپوں تک پہنچے گا۔حکام نے کہا کہ موسمی حالات کی وجہ سے ہائی وے کی بندش کی صورت میں ٹرانزٹ کیمپوں میں یاتریوں کی رہائش کو یقینی بنانے کے لئے ایک ہنگامی منصوبہ پہلے سے ہی تیار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ لینڈ سلائیڈ کے ملبے کو صاف کرکے جموں سری نگرقومی شاہراہ کو جلد کھولنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔










