عوامی خدمات کو بڑھانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا
پلوامہ//کمشنر سیکرٹری خوراک ،شہری رسدات اور اَمورِ صارفین زُبیر احمد نے آج حکومت جموں و کشمیر کے عوامی رَسائی پروگراموں کے ایک حصے کے طور پر پلوامہ میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی جس کا مقصد عوام کی شکایات اور مطالبات کا جائزہ لینا او راُن کا اَزالہ کرنا تھا۔عوامی دربار میں وَفود، مختلف ایسوسی ایشنوں کے ممبران اور اَفراد نے متعدد مسائل کو اُٹھائے ہیںجن میں بعض سڑکوں کی مرمت کی ضرورت، کچھ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی تک رَسائی، کھیل میدانوں کا قیام، مناسب سٹریٹ لائٹنگ، سائن بورڈوںکی تنصیب، جسمانی طور خاص اَفراد کے مسائل، چشموں کی بحالی اور صحت سہولیات میں بہتری شامل ہیں۔کمشنر سیکرٹری نے اُٹھائے گئے مسائل کا جواب دیتے ہوئے کمشنرمتعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ بعض مسائل پر فوری کارروائی کی جائے جنہیں فوری طور پر حل کیا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے دیگر اَمور جن پر مزید توجہ کی ضرور ت ہے، کچھ کو ضلعی اِنتظامیہ کے غور و خوض کے لئے پیش کیا اور کچھ دیگر مسائل کو مناسب حل کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے میں شفافیت اورجوابدہی کے عزم کو یقینی بنانے کے لئے سرکاری آفیشلوں اور عام لوگوں کے درمیان باہمی تعاون پر زور دیا۔اِس تقریب میں جامع اور شراکتی فیصلہ سازی کے عمل کو فروغ دینے میں اِنتظامیہ کی لگن کو بھی اُجاگر کیا گیا جہاں شہریوں کو اَپنے مسائل کا اِظہار کرنے اور ان کی ترقی میں حصہ اَدا کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ اِس طرح کے اَقدامات نہ صرف فوری چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کام کرتے ہیں بلکہ دیرپا حل کی راہ بھی ہموار کرتے ہیں جو عوام کی مجموعی فلاح و بہبود میں اِضافہ کرتے ہیں۔اِس سے قبل کمشنر سیکرٹری نے مختلف محکموں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا بھی معائینہ کیا اور پہلے سے طے شدہ اہداف کے حصول پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مختلف سکیموں کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اِن سٹالوں میں عوام کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے مصنوعات اور سرکاری سکیموں اور خدمات کی ایک وسیع رینج کی نمائش کی گئی تھی۔ بعد میں اُنہوں نے مختلف سکیموں کے اہل اِستفادہ کنندگان میں منظوری نامے، گولڈن کارڈ اور دیگر اَسناد بھی تقسیم کئے۔ عوامی دربار میں موجودضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بشارت قیوم نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور شرکأ کو ضلع میں عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی کوششوں اور مداخلتوں سے آگاہ کیا۔ اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر، مختلف محکموں کے ضلعی افسران، سول سوسائٹی کے ممبران اور عوام الناس بھی موجود تھے۔










