بارہمولہ//ریٹرننگ آفیسر 1۔بارہمولہ پارلیمانہ حلقہ منگا شیر پا نے لوک سبھا 2024۔ کے آئندہ عام اِنتخابات کے پیش نظر ڈاک بنگلو میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں حلقہ میں اِنتخابات کے پُر اَمن اِنعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ضلع الیکشن آفیسرکپواڑہ آیوشی سوڈان، سوپور کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شبیر احمد رینہ، قومی سطح کے ماسٹر ٹرینر سمیر جان اور 1۔ بارہمولہ پارلیمانی حلقہ میںلوک سبھا اِنتخابات کے اِنعقاد سے وابستہ تمام اسسٹنٹ ریٹرننگ اَفسران (اے آر اوز) نے شرکت کی۔میٹنگ میں ضلع بارہمولہ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ کے تمام اسمبلی حلقوں اور ضلع بڈگام کے دو اسمبلی حلقوں پر مشتمل 1۔بارہمولہ حلقہ میں پارلیمانی اِنتخابات کے پُراَمن اِنعقاد کے لئے تمام اہم علاقوں کا احاطہ کرتے ہوئے تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔دورانِ میٹنگ آر او نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اِنتخابات کے دن اِنتخابی فرائض کی انجام دہی کے لئے تعینات ملازمین کے لئے جامع تربیتی سیشنوں کے اِنعقاد کے لئے تفصیلی منصوبہ تیار کریں۔دریں اثنا،ریٹرننگ آفیسرنے انفرادی اسمبلی حلقوں کے ذمہ دار اے آر اوز کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بوتھ لیول افسران 85 برس سے زیادہ عمر کے یا 40 فیصد بینچ مارک معذوری والے تمام رائے دہندگان کی رہائش گاہوں کا پیشگی دورہ کریں تاکہ انہیں بیلٹ پیپر کے ذریعے یا اپنے نامزد پولنگ سٹیشنوں سے ووٹ ڈالنے کا اِختیار فراہم کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر ڈی اِی او کپواڑہ آیوشی سوڈان نے خطاب کرتے ہوئے اے آر اوز پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ الیکشن کمیشن کے رہنما خطوط کے مطابق غیر حاضررائے دہندگان اور سروس ووٹروںکے لئے پیشگی مناسب اِنتظامات کئے جائیں جو اِنتخابی فرائض انجام دیں گے تاکہ وہ اَپنے حق رائے دہی کا اِستعمال کرسکیں۔منگا شیرپا نے اے آر اوز کے لیے اس اہم مدت کے دوران 1۔بارہمولہ پارلیمانی حلقہ میں اِنتخابی عمل کی کامیابی کے لئے آپس میں اور الیکشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کی اہم اہمیت پر مزید زور دیا۔










