سہ پہر تاشام دیر گئے مقامی سیلانیوں اور سیاحوں کا اچھاخاصارَش
سری نگر// اتوار کی سہ پہر کچھ دوستوں کیساتھ اولڈ زیرئو برج سری نگر کے آرپار چکر گزارنے اور کچھ وقت دریائے کنارے گزارنے کے بعد ریورویو راجباغ سری نگر جانے کا پروگرام بنا ،اور ہم پیدل چل کروہاں پہنچے ۔جے کے این ایس نامہ نگار کے مطابق سہ پہر 5بجے کا وقت تھا ،اور ریور ویو راجباغ جو( دریائے جہلم کے کنارے کے بالکل نزدیک اوریہاں سے گزرنے والی سڑک کے کنارے بنائی گئی ایک چوڑائی میں کم لیکن لمبائی میں اچھی خاصی ایک نئی پارک ہے)کھچاکھچ بھری ہوئی تھی ۔ زیادہ تر مقامی لوگ ہی تھے ،جن کی خاص بات یہ تھی کہ لوگ فیملیوںکی شکل میں آئے تھے ۔میاں بیوی ،دادادای اور اُن کے ساتھ چھوٹے بچے بھی تھے ،اکا دُکا غیرمقامی یعنی ملکی سیاح بھی یہاں ٹہلتے نظرآئے ۔ریور ویوراجباغ کوچونکہ جدید خطوط پر بنایا گیاہے اوریہاں سائیکل پاتھ بھی موجود ہے ۔مختلف قسم کا لائٹنگ سسٹم بھی ہے ،اور ساتھ ہی یہاں سبز قالین والا فرش بھی ہے ،جہاں لوگ بیٹھ کر گھپ شپ کرسکتے ہیں ۔ہم نے دیکھاکہ یہاں لوگ افراد خانہ کیساتھ آئے تھے ،اور یوں لگاکہ یہ سری نگر میں نیا مرکز خانوادہ Family-Centreبن گیاہے ۔مختلف عمروں کے کئی لوگوں سے یہاں گھومتے ٹہلتے بات ہوئی ۔8سال کا ایک چھوٹا بچے یہاںفوٹو کھینچوارہاتھا،اور فوٹو کھینچوانے کے بعد ہم نے اس نونہال سے پوچھا کہ یہ جگہ آپ کو کتنی پسند آئی ،اُس نے بغیر کسی لاگ لپٹی کے کہا،یہ بہت اچھی جگہ ہے ۔ہم نے پوچھا کیوں ،تواُس نے کہاکہ یہ نئے طرز کی پارک ہے ۔ایک نوجوان جو پڑھالکھا تھا،سے بات کی ،تو اُس نے کہاکہ یہاں وقت گزارنا اپنے دل ودماغ کو تازہ کرنے کیلئے اچھا ہے ۔انہوںنے دریائے جہلم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ دیکھئے پس منظر میں کیا ہے ۔اس نوجوان نے تاہم ایک شکایت کی کہ یہاں کوئی بیت الخلاء نہیں ہے ۔ایک خاتون جسکی عمر لگ بھگ چالیس سال تھی ،جو اپنے میاں اور دوچھوٹے بچوں کیساتھ یہاں سیر سپاٹے کیلئے آئی تھیں ،نے کہاکہ یہ کچھ وقت پُرسکون ماحول میں گزارنے کیلئے اچھی جگہ ہے ۔انہوںنے تاہم کہاکہ سڑک بالکل ہی ساتھ ہونے کے باعث بچوںکاخاص خیال رکھنا پڑتاہے ۔ایک بزرگ شخص کاکہناتھاکہ سیرسپاٹے کیلئے کہیں جانااوروہاں کچھ وقت گزارنا کوئی گناہ نہیں ہے ،تاہم ہمیں کچھ باتوںکا خیال خوددرکھنا چاہئے ،اول کہ ایسی جگہوں پر آوارہ گردی نہ ہو،دوئم یہ کہ لوگ یہاں گندگی نہ پھینکیں اورسوئم یہ کہ یہاں بیت الخلاء ہونا چاہئے ۔ایک اور نوجوان جو غالباً سری نگرمیں کوچنگ کیلئے عارضی طور پر مقیم ہے ،نے کہاکہ یہاں کوئی ہوٹل یا ریستواراں نہیں ہے اور یہاں ٹھنڈی مشروبات بھی دستیاب نہیں ۔اتنے میں ہم نے دیکھا کہ ریور ویو راجباغ کے ساتھ دریائے کنارے ایک ہائوس بوٹ کھڑا ہے ،جسکے کم سے کم دوتین کمروںکو ملاکر مالک نے ایک بڑاہال بنایاہے ،جس میں ریستوراں طرز پر کرسیاں ٹیبل لگے تھے ۔ہم وہاں چائے پینے گئے لیکن ہائوس بوٹ کے مالک نے کہاکہ ابھی اُس نے چالو نہیں کیاہے ۔










